مجھے ماڈل ہونے پر فخر ہے، ارمیناخان
تعلیم یافتہ لوگوںکے آنے سے لالی وڈکا ماحول تبدیل ہو گیا
پاکستانی اداکارہ وماڈل ارمینا رانا خان نے کہا ہے کہ تعلیم یافتہ نوجوان فلم ڈائریکٹرز ،ایکٹرز اور نئے فلمسازوں نے لالی وڈکا ماحول تبدیل کردیا ہے جس کی جتنی بھی تعریف کی جائے کم ہے۔انہوں نے خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان میں فلم انڈسٹری کا بحران ختم ہونے کی امید پیدا ہوگئی ہے کیونکہ اب مسلسل فلمیں بننا شروع ہوگئی ہیں جو مثبت تبدیلی کی علامت ہے۔ پاکستانی ڈرامہ بھی ہر حوالے سے پوری دنیا میں سراہا جارہا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ پاکستانی فیشن انڈسٹری کی ترقی حیران کن ہے ۔مجھے بھی ماڈل ہونے پر فخر ہے۔اداکارہ نے کہا کہ لاہور کو فن و ثقافت کا گہوارا کہا جاتا ہے ۔فن اور ثقافت میں واقعی لاہور اپنی مثال آپ ہے۔ ہماری بات توالگ ہے ، ہمارے پڑوسی ممالک سے آنے والے لوگ اور خاص طورپرمعروف فنکار بھی جب تاریخی عمارات کو دیکھتے ہیں توان کا دل خوش ہو جاتا ہے۔ ارمینا نے کہا کہ پاکستان میں تاریخی عمارتوں کا ایسا خزانہ موجود ہے، جن کو اگرفلموں کا حصہ بنا کرکثیرسرمائے سے مسلم حکمرانوں پر فلمیں بنائی جائیں تو نوجوان نسل کوبرصغیر کے حوالے سے بہترین معلومات بھی فراہم کی جاسکتی ہیں مگراس کے لئے بہت محنت کی ضرورت ہے۔ یہ کام مشکل ضرور ہے لیکن ناممکن نہیں ۔