Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

آئی سی سی : دورہ پاکستان کےلئے ورلڈ الیون کا انتخاب جلد ہوگا، اینڈی فلاور منیجر ہونگے

    دبئی :انٹرنیشنل کرکٹ کونسل نے آئندہ ماہ ورلڈ الیون کے دورہ پاکستان کے حوالے سے ٹیم کے انتخاب کا کام زمبابوے کے سابق کپتان اینڈی فلاور کو سونپ دیا ہے۔ رواں سال پاکستان سپر لیگ کے فائنل کے لاہور میں کامیاب انعقاد کے بعد ملک میں کرکٹ کی بحالی کی امید ہوئی اور فائنل کے انتظامات سے متاثر ہونے والے آئی سی سی ٹاسک فورس کے سربراہ جائلز کلارک نے ورلڈ الیون پاکستان لانے کا وعدہ کیا۔پی سی بی عہدیدار نے نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر بتایا کہ آئی سی سی نے ورلڈ الیون کیلئے 15 کھلاڑیوں کے انتخاب کی ذمہ داری اینڈی فلاور کو سونپ دی ہے اور اسکواڈ کے حوالے سے حتمی فیصلہ آئی سی سی خود کرے گی۔ ستمبر میں متوقع دورے میں اینڈی فلاور ورلڈ الیون کے منیجر کی حیثیت سے ٹیم کے ہمراہ آئیں گے۔ابھی تک حکام نے ورلڈ الیون کے دورے کیلئے سیکیورٹی انتظامات پر گرین سگنل نہیں دیا لیکن اس حوالے سے آئندہ ہفتے پی سی بی آفیشلز اور پنجاب حکومت کے درمیان اہم اجلاس متوقع ہے۔پی سی بی عہدیدار کے مطابق اجلاس میں سیکیورٹی انتظامات اور این او سی کے حوالے سے بات چیت کی جائے گی۔پاکستان اور ورلڈ الیون کے درمیان 3 ٹی20 میچز کی سیریز 11 سے 19 ستمبر کے درمیان کھیلے جانے کا امکان ہے۔مئی 2009ءمیں سری لنکن کرکٹ ٹیم پر دہشت گردوں کے حملے کے بعد سے سوائے زمبابوے کے کسی بھی انٹرنیشنل ٹیم نے پاکستان کا دورہ نہیں کیا۔ملک میں انٹرنیشنل کرکٹ کی بحالی کیلئے پاکستان کرکٹ بورڈ کی دعوت پر 2015ءمیں مختصر سیریز کیلئے زمبابوے نے پاکستان کا دورہ کیا تھا لیکن اس کے بعد کسی بھی ٹیم نے دورہ نہیں کیا۔

شیئر: