بغداد .... باخبر ذرائع نے بتایا ہے کہ عراق کے ایک اور سیاسی رہنما عمار الحکیم جلد ہی سعودی عرب کا دورہ کرینگے۔ عراق کے مذہبی پیشوا مقتدیٰ الصدر کے دورہ سعودی عرب اور نائب الملک شہزادہ محمد بن سلمان سے انکی ملاقات نے عراق کے سیاسی اور مذہبی حلقوں میں ہلچل پیدا کردی ہے۔ مقتدیٰ الصدر کے حامیوں نے ان کے دورہ سعود ی عرب کی پذیرائی کی ہے۔ مبصرین کا کہناہے کہ ایسا لگتا ہے کہ اب عراق کے رہنما 2فریقوں میں منقسم ہوگئے ہیں۔ ان میں سے ایک ایران کے اثر و نفوذ کو محدود کرنے کیلئے کوشاں ہے جبکہ دوسرا فریق الحشد الشعبی کو بیرون ملک فوجی آپریشنوں میں استعمال کرنے کی مہم چلائے ہوئے ہے اور ایران کے اثر و نفوذ کو مزید گہرا کرنے کے درپے ہے۔ الحکیم آئندہ ایام میں سعودی عرب کا دورہ کرکے مقتدیٰ الصدر کے رجحان کو آگے بڑھانا چاہتے ہیں۔