گڑھا بیٹہ، مغربی بنگال.... ہاتھیوں کے ڈیل ڈول کی وجہ سے اکثر لوگ خوفزدہ ہو جاتے ہیں اور اگر وہ سڑکوں پر نکل آئیں تو کسی بڑے حادثے کا سبب بھی بن سکتے ہیں ۔ ایسا ہی کچھ یہاں ایک مصروف شاہراہ سے گزرنے والے ٹرک کے ساتھ پیش آیا جب اسے ایک ہاتھی نے بیچ سڑک پر اسی طرح روک لیا جس طرح ٹیکس وصول کرنیوالے ٹول ٹیکس وغیرہ لینے کیلئے گاڑیاں روکتے ہیں اور کاغذات چیک کرتے ہیں ۔ اس ہاتھی نے ایسا کچھ نہیں کیا مگر اس نے یہ اطمینان کرنے کی کوشش ضرور کی کہ ٹرک میں آخر کونسی غیر قانونی چیز جا رہی ہے جسے ترپال میں چھپایا گیا ہے چنانچہ اس نے اپنے سونڈ سے ترپال کا کونا پکڑ کر اٹھایا اور پھر ٹرک کے اندر سونڈ ڈال کر ایک لمبی سانس لی جس کے نتیجے میں درجنوں آلو سونڈ کے ذریعے اس کے پیٹ میں چلے گئے ۔ یہ واقعہ ایک جنگلاتی علاقے میں ہوا ۔ صورتحال دیکھ کر پہلے تو ٹرک ڈرائیور بہت گھبرایا مگر اس واقعہ سے لطف اندوز بھی ہوا چنانچہ اس نے اپنے موبائل فون سے اس کی فلم تیار کر لی جس میں نظر آتا ہے کہ دوسری گاڑیوں کے ڈرائیور بھی ٹرک ڈرائیور کی مدد کیلئے موقع پر پہنچنے کی کوشش کی اور بعض لوگوں نے کچھ پٹاخے پھینک کر ہاتھی کو وہاں سے بھگانے کی کوشش کی مگر یہ کوشش بھی رائیگاں گئی ۔ چھوٹے موٹے پٹاخوں کی آواز کو اس نے نظر انداز کر دیا تاہم پٹاخوں کے دھویں سے وہ تھوڑی دیر کیلئے خاموش ضرور ہو گیا تھا۔بہر حال کچھ دیر بعد ہاتھی خود ہی سڑک چھوڑ کر چلا گیا اور بغیر کوئی پیسہ ادا کئے ہوئے اس نے آلو کھا کر اپنا پیٹ بھی بھر لیا ۔اس واقعہ میں اچھی بات یہ ہوئی کہ کوئی ہلاک یا زخمی نہیں ہوا ۔