لاہور..... عرب ممالک کے ساتھ تعلقات کی بہتری کیلئے حکومت پاکستان کو اپنا کردار ادا کرنا ہو گا، امید کرتے ہیں کہ نئے وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی عرب ممالک اور پاکستان کے درمیان نفرتیں پیدا کرنے والی قوتوں کو ناکام بنانے کیلئے اپنا بھر پور کردار ادا کریں گے ، عالم اسلام اور عالم عرب کی صورتحال پوری امت مسلمہ کیلئے لمحہ فکریہ ہے ۔حج کے موقع پر جلسے جلوس اور مظاہرے کرنےوالے ارض الحرمین الشریفین کے امن اور سلامتی سے کھیلنا چاہتے ہیں ۔یہ بات پاکستان علماءکونسل کے مرکزی چیئرمین اور وفاق المساجد پاکستان کے صدر حافظ محمد طاہر محمود اشرفی نے متحدہ عرب امارات میں ہونے والی تیسری اسلامی اسکالرز کانفرنس کے دوران ذرائع ابلاغ سے گفتگو کرتے ہوئے کہی ۔ انہوں نے کہا کہ امت مسلمہ کے انتشار کے خاتمے کیلئے پاکستان ، سعودی عرب ، ترکی اور متحدہ عرب امارات کو اپنا کردار ادا کرنا چاہیے ۔انہوں نے کہا کہ عالم اسلام کے مفکرین ، علماءاور دانشوروں کو اپنی اپنی مصلحتوں اور مفادات سے بالا تر ہو کر امت مسلمہ کی وحدت کیلئے جدوجہد کرنی ہو گی۔انہوں نے کہا کہ مختلف مکاتب فکر کے درمیان اختلافات صدیوں سے ہیں اور یہ باقی رہنے ہیں ، علمی اختلافات کی بنیاد پر فساد پیدا کرنے کی کوشش کرنےوالے مسلمانوں اور امت مسلمہ کے دوست نہیں ہو سکتے۔انہوں نے کہا کہ آج لیبیا سے لے کر افغانستان تک ہر طرف خون بہہ رہا ہے اور دُکھ کی بات یہ ہے کہ اسلامی شریعت اور قرآن کے نام پر یہ خون بہایا جا رہا ہے جبکہ حقیقت حال میں بے گناہ انسانیت کو قتل کرنے والوں کا اسلام اور مسلمانوں اور قرآن و سنت کی تعلیمات سے کوئی تعلق نہیں ۔ انہوں نے کہا کہ پہلے داعش جیسے لوگوں کو پیدا کیا جاتا ہے اور پھر ان کے خاتمے کے نام پر امت مسلمہ کویرغمال بنایا جاتا ہے۔ امت مسلمہ کو اس قسم کے گروہوںاور ان کے پیدا کرنےوالوں سے ہوشیار رہنا ہوگا ۔انہوں نے کہا کہ مسلمانوں کی وحدت کے مرکز بیت اللہ ، مسجد نبوی اور بیت المقدس ہیںاور ا ن کے تحفظ کیلئے ہر قسم کی قربانی امت مسلمہ دینے کو تیار ہے ۔مسلم حکمرانوں اور علماءکو اس طرف توجہ دینی چاہیے۔