ریاض۔۔۔۔۔سعودی شہری نے متحدہ عرب امارات کے شارجہ ایئرپورٹ پر قیمتی اشیاء گم ہونے کی رپورٹ درج کرائی تھی۔گمشدہ اشیاء اس کے گھر پہنچا دی گئیں۔ مقامی شہری نے ٹویٹر کے اکاؤنٹ پر یہ اطلاع دیتے ہوئے واضح کیا کہ اس کی قیمتی اشیاء شارجہ ایئرپورٹ پر گم ہوگئی تھیں۔ اس نے امارات کی وزارت داخلہ کی جانب سے مقرر کردہ آن لائن سسٹم پر شکایت درج کرادی تھی پھر وہاں سے سعودی عرب کیلئے روانہ ہوگیا تھاگھر پہنچا تو یہ دیکھ کر حیرت زدہ ہوگیا کہ اس کی تمام گمشدہ اشیاء اس کے سعودی عرب پہنچنے سے قبل اسکے گھر پہنچادی گئیں۔ شارجہ ایئرپورٹ پر پولیس اسٹیشن کے قائم مقام سربراہ احمد السویدی نے واضح کیا کہ شکایت موصول ہوتے ہی اشیاء تلاش کرلی گئی تھیںاور جیسے ہی معلوم ہوا کہ شکایت کنندہ مملکت کیلئے روانہ ہوچکا ہے، اس کی گمشدہ اشیاء دوسرے طیارے سے سعودی عرب پہنچادی گئیں۔ سعودی شہری نے اس اہتمام کیلئے متحدہ عرب امارات کے متعلقہ سرکاری اداروں کیلئے غیر معمولی ممنونیت کا اظہار کیا۔