Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

حجاج لڑائی جھگڑے سے پرہیز کریں ، خالد الفیصل

 مکہ مکرمہ.... گورنر مکہ مکرمہ و سربراہ مرکزی حج کمیٹی شہزادہ خالد الفیصل نے واضح کیا ہے کہ سعودی عرب حج کو سیاست کا اکھاڑہ بنانے اور بین الاقوامی انتظامیہ میں دینے کا علم بلند کرنے والی تمام صداﺅں کو مسترد کرتا ہے۔ وہ پیر کو مکہ مکرمہ میں ”حج عبادت او ر تمدنی عمل “ کے زیر عنوان آگہی مہم کا افتتاح کرکے صحافیوں سے گفتگو اور انکے سوالات کے جواب دے رہے تھے۔ خالد الفیصل نے واضح کیا کہ سعودی قائدین حکومت اور عوام ضیوف الرحمن کو مناسک حج کی ادائیگی آسان اور سہل بنانے کیلئے مطلوب تمام وسائل بروئے کار لاتے رہنے کیلئے پرعزم ہیں۔ خالد الفیصل نے حجاج سے مطالبہ کیا کہ وہ ارض مقدس میں اسلامی اخلاق کا مظاہرہ کریں۔ مسلمانوں کے روشن تمدن کا نمونہ پیش کریں۔ خالد الفیصل نے حج کوسیاسی شکل دینے اور اسے بین الاقوامی انتظامیہ کے دائرے میں لانے سے متعلق قطر کی تحریک اور ضیوف الرحمن کی خدمات کی بابت سعودی کردار کی حیثیت گرانے کی قطری مہم کی بابت سوال کا جواب دیتے ہوئے کہا کہ اس کا جواب آگہی مہم کا عنوان ہے کہ حج عبادت اور تمدنی عمل ہے۔ حج کو سیاسی رنگ دینے کی اجازت نہیں۔ الفیصل نے کہا کہ حج آگہی مہم سے بڑا فائدہ ہوا ہے۔ اسکے خوشگوار نتائج برآمد ہوئے ہیں۔ غیر قانونی حاجیوں کی تعداد گھٹ کر اب 5فیصد رہ گئی جبکہ اس سے قبل حج میں انکی تعداد 9فیصد تھی۔ انہوں نے کہا کہ وہ تمام ادارے جنہو ںنے اس کامیابی کو یقینی بنانے میں دامے درمے قدمے سخنے تعاون کیا وہ سب قابل تحسین ہیں۔ خالد الفیصل نے کہا کہ حج آگہی مہم کے حوالے سے شکو ک و شبہات کا دائرہ کافی وسیع ہے۔ اعتبار نتائج اور حاصل شدہ فوائدکا ہوگا۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ اسلامی اخلاق کے ساتھ تمام قوانین پوری قوت سے نافذ کئے جائیں گے۔ مکہ مکرمہ ڈیولپمنٹ اتھارٹی نے امسال حج خدمات کو بہتر بنانے کیلئے 300ملین ریال لاگت کے نئے منصوبے نافذ کئے ہیں۔ ڈیولپمنٹ اتھارٹی اور وزارت حج و عمرہ مشاعر مقدسہ میں بہت بڑا منصوبہ نافذ کرنے والی ہیں۔ جلد اسکا اعلان ہوگا۔ الفیصل نے ضیوف الرحمن کی خدمت میں غیر معمولی دلچسپی لینے پر خادم حرمین شریفین ، نائب الملک ، تمام حج اداروں اور سربراہ اعلیٰ حج کمیٹی و وزیر داخلہ کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے تمام حاجیوں سے کہا کہ وہ بدگوئی، بدزبانی اور لڑائی جھگڑے سے دور رہیں۔ اللہ تعالیٰ سے دعا کی کہ تمام حجاج کا حج قبول فرمالے۔
 

شیئر: