اسلام آباد...جے یو آئی (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمن نے کہا ہے کہ ملک کی سیاسی فضا تعفن زدہ ہوچکی ہے۔ایک دوسرے پر کیچڑ اچھالنے کی سیاست کا خاتمہ ہونا چاہئے۔سیاستدانوں پر مالیاتی اور اخلاقی کرپشن کے الزامات عائد کئے جا رہے ہیں۔ گذشتہ کئی دنوں سے جو ماحول بنایا جا رہا ہے اس سے لگتا ہے کہ معاشرہ اخلاقی گراوٹ کا شکار ہے ۔اسلام آباد میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ جے یو آئی ملک کے آئین، پارلیمنٹ اور جمہوریت کے ساتھ کھڑی ہے۔انہوں نے سوال کیا کہ ایک دوسرے کو چور کہنے سے کونسا سیاسی کلچر تخلیق ہو رہا ہے۔ ہم جس دور میں ہیں ہمارے پاس غلطی کی گنجائش نہیں۔ یہ سب خود بخود نہیں ہو رہا۔ اس کی آبیاری بین الاقوامی سطح پر ہو رہی ہے۔کوئی مالیاتی کرپشن کی بات کر رہا ہے، کوئی اخلاقی کرپشن کی بات کر رہا ہے۔جن سیاستدانوں سے عوام نالاں ہیں انہیں وہ خود اقتدار میں لائے ہیں۔انہوںنے کہاکہ ملک کے تمام اداروں کو عالمی تناظر میں معاملات کو دیکھ کر سوچنا ہوگا ۔