Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

گجرات:احمد پٹیل راجیہ سبھا کا الیکشن جیت گئے، بی جے پی کو جھٹکا

نئی دہلی۔۔۔۔وزیر اعظم نریندر مودی کی آبائی ریاست گجرات میں زبردست سیاسی گہما گہمی کے درمیان حکمراں بی جے پی اور اہم اپوزیشن پارٹی کانگریس کیلئے وقار کا بڑا سوال بننے والی راجیہ سبھا کی3نشستوں کے نتائج رات دیر گئے سامنے آگئے۔سونیا گاندھی کے سیاسی مشیر احمد پٹیل کی جیت کے ساتھ ہی بی جے پی کے خیمے میں مایوسی چھا گئی۔ احمد پٹیل کوہرانے کیلئے گاندھی نگر تک بھاجپائیوں نے کوئی بھی کسر نہیں چھوڑی تھی تاہم ایک عرصہ بعد کانگریس الیکشن میں فعال نظر آئی ۔ذرائع کے مطابق پارٹی کی ٹھوس حکمت عملی کی وجہ سے بھارتیہ جنتا پارٹی کی تمام سیاسی پالیسیاںبے کار ثابت ہوئیںاور یوں احمد پٹیل ایک انتہائی دلچسپ اور سنسنی خیز مقابلے کے بعد اپنی سیٹ بچانے میں کامیاب ہی نہیں ہوئے بلکہ حکمراں جماعت بھارتیہ جنتا پارٹی کو شرمندگی سے دوچار کرگئے۔ واضح رہے کہ گجرات میں راجیہ سبھا کی 3نشستوں کیلئے الیکشن ہوئے جن میں ایک سیٹ پر بی جے پی کے صدر امیت شاہ جبکہ دوسری سیٹ پر مرکزی وزیر اسمرتی ایرانی نے کامیابی حاصل کی تاہم ان دونوں کی جیت پہلے سے ہی متوقع تھی جبکہ کانگریس کے امیدوار احمد پٹیل کو ہرانے کیلئے بی جے پی نے ایک سیاسی داؤ چلتے ہوئے یہاں اپنا تیسرا امیدوار ہی نہیں کھڑا کیا بلکہ کانگریس کے بقول اسکے ارکان کو خریدنے یاان پر دباؤ ڈالنے کی بھی کوشش کی تاہم ان کی کوشش ناکام ثابت ہوئی اورتمام تر غیر اخلاقی حربوں کے باوجود احمد پٹیل یہ الیکشن جیت گئے۔ یاد رہے کہ کانگریس بدھ کو راجیہ سبھا الیکشن کے فوراً بعد الیکشن کمیشن پہنچ گئی تھی اور اس نے اپنے 2امیدواروں کے وو ٹ کو رد کرنے کیلئے شکایت درج کرائی تھی جس کے بعد بی جے پی کی مرکزی قیادت کو بھاگ دوڑ کرتے اور کئی بار الیکشن کمیشن سے رجوع کرتے دیکھا گیا تاہم رات گئے خبر موصول ہوئی کہ کمیشن نے کانگریس کی شکایت کی روشنی میں 2باغی امیدواروں کے ووٹوں کو کالعدم قراردینے کا فیصلہ کرتے ہوئے ووٹوں کی گنتی کا حکم دیدیا لیکن رات 1-30بجے تک ٹی وی چینلز پر خبر چلائی جاتی رہی کہ ووٹ شماری روک دی گئی ہے کیونکہ بی جے پی کی جانب سے تحفظات کا اظہار کیا گیا ہے ۔ اس درمیان غیر یقینی صورتحال کے خاتمے کی خبرآئی کہ ووٹوں کی گنتی دوبارہ شروع ہوگئی ہے۔ اس طرح چند منٹوں کے بعد باضابطہ خبرآئی کہ گجرات کی 3راجیہ سبھا سیٹوں کیلئے ہونیوالے الیکشن کے نتائج آگئے ہیں اور احمد پٹیل اپنی سیٹ بچانے میں کامیاب رہے جنہیں 44ووٹ حاصل ہوئے جبکہ چوتھے امیدوار بلونت سنگھ راجپوت کو 38وو ٹ ملے اور انہیں منہ کی کھانی پڑی۔کراس ووٹنگ کی وجہ سے احمد پٹیل کے جیتنے پر شک تھا لیکن کانگریس کا مطالبہ مانتے ہوئے چونکہ الیکشن کمیشن نے 2باغی کانگریسی ممبران اسمبلی کے ووٹ منسوخ کردیئے اسلئے بی جے پی کا کھیل بگڑ گیا ۔ نتائج کے بعد احمد پٹیل نے ٹوئیٹرپر ’’ستیہ مے جیتے‘‘لکھتے ہوئے اپنی جیت کا مژدہ کچھ یوں سنایا’’یہ صرف میری جیت نہیں ، یہ پیسے ، طاقت اور ریاست کی مشینری کے کھلے استعمال کی شکست ہے،میں ہر اس ممبر اسمبلی کا شکریہ ادا کرتا ہوں جنہوں نے بی جے پی کی دھمکیوں اور خوف کے باوجود مجھے ووٹ دیا،بی جے پی نے اپنی ذاتی دشمنی اور سیاسی دہشتگردی کو ہی اجاگر کیا ہے ،گجرات کے لوگ انتخابات میں انہیں جواب دینگے‘‘۔

شیئر: