ریاض .... باخبر ذرائع نے بتایا ہے کہ ریاض میں ایس ٹی سی اور موبایلی کے دفاتر بند کرنے کے فیصلے پر ایس ٹی سی کے ڈائریکٹر نے عملدرآمد سے انکار کردیا۔ فیصلے پر عملدرآمد کیلئے پولیس کی خدمات حاصل کی جائیں گی۔ بندش کا فیصلہ تحفظ صارفین کے ضابطے کی پابندی نہ کرنے کی وجہ سے کیا گیا تھا۔ دونوں کمپنیوں پر الزام تھا کہ وہ پیکیج لینے والے صارفین کو انتہائی حد سے مطلع نہیں کررہی تھیں۔ اصولی بات یہ ہے کہ اگر کسی صارف کا بل انتہائی حد کو پہنچ جائے تو ایسی صورت میں اس کی سروس منقطع کردی جاتی ہے مگر دونوں کمپنیوں نے یہ معمول بنا رکھا تھا کہ وہ صارف کی درخواست کے بغیر ہی از خود انتہائی حد بڑھا دیتی تھیں۔ ایس ٹی سی پر یہ بھی الزام تھا کہ وہ صارفین کے سوالات کے جواب نہیں دے رہی تھی۔ اگر صارف مطلوبہ رقم ادا کرنے پر اعتراض ریکارڈ کراتا تو اس سے کہا جاتا کہ پہلے بل ادا کیا جائے اس کے بعد اعتراض کرسکتے ہو۔ یہ بات بھی قانون کےخلاف تھی اور ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ بندش کے فیصلے کا تعلق ریاض میں کمپنیوں کی 2بڑی شاخوں سے ہے۔ بندش غیر معینہ مدت کیلئے ہے۔ کمیونیکیشن اتھارٹی ، وزارت مواصلات اور وزارت تجارت کی سہ رکنی ٹیم نے ایس ٹی سی اور موبایلی کی ریاض میں 2بڑی شاخیں بند کرانے کا فیصلہ کیا ہے۔ دونوں کمپنیوں کے عہدیداروں سے اقرار نامہ لے لیا گیا ہے کہ جب تک انہیں دوبارہ اجازت نہیں ہوگی اس وقت تک دونوں اپنے دفاتر نہیں کھولیں گے۔انفارمیشن ٹیکنالوجی اینڈ کمیونیکیشن بورڈ نے مذکورہ خلاف ورزیوں کے باعث ایس ٹی سی اور موبایلی کے ریاض دفاتر بند کرنے کا فیصلہ جاری کررکھا ہے۔