مکہ مکرمہ .... وزیر داخلہ شہزادہ عبدالعزیز بن سعود نے کہا ہے کہ مشاعرمقدسہ میں کسی کو گیس سلنڈر استعمال کرنے کی اجازت نہیں ہو گی ۔ خلاف ورزی کرنے والوں کےخلاف سخت تادیبی کارروائی کی جائےگی۔ وزرات داخلہ کی جانب سے جاری بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ مشاعر مقدسہ میں گیس سلنڈرکے استعمال پر عائد شاہی پابندی امسال بھی برقرار رہے گی ۔کسی کو اس بات کی اجازت نہیں ہو گی کہ وہ منیٰ، عرفات یا مزدلفہ میں حجاج کےلئے کھانا پکانے کےلئے گیس سلنڈراستعمال کرے ۔ قانون کی خلاف ورزی کرنے والوں کےخلاف سخت تادیبی کارروائی کی جائیگی ۔ دریں اثناءسبق نیوز نے شہری دفاع کے ریجنل ڈائریکٹر بریگیڈیئر سلیمان العمرو کے حوالے سے لکھا ہے کہ گیس سلنڈر کے استعمال کی ممانعت کا بنیادی مقصد حجاج کرام کی حفاظت ہے تاکہ انہیں کسی قسم کا خطرہ لاحق نہ ہو اور وہ مکمل اطمنان او ر سکون سے فریضہ حج ادا کرسکیں ۔ محکمہ شہری دفاع کے اہلکار مشاعرمقدسہ میں موجود رہتے ہیں اور وہ اس امر کی یقین دہانی کرتے ہیں کہ کوئی حج خدمات فراہم کرنے والا گروپ یا ہوٹل انتظامیہ گیس سلنڈر مشاعر مقدسہ نہ لے جاسکیں ۔ شہری دفاع کی جانب سے مشاعر مقدسہ میں متعدد عارضی اسٹیشن قائم کئے گئے ہیں جہاں فائر فائٹرز کے علاوہ دیگر عملہ ایام حج میں مسلسل ڈیوٹی ادا کرتا ہے ۔ بریگیڈیئر سلیمان نے مزید کہا کہ مشاعر مقدسہ میں شہری دفاع کے اہلکاروں کو بھی اس امر کی اجازت دی گئی ہے کہ وہ حج خدمات فراہم کرنے والے اداروں کی نگرانی کریں اور جہاں انہیں گیس سلنڈر دکھائی دیں انہیں فوری طور پر اپنی تحویل میں لیکر تادیبی کارروائی کریں ۔ واضح رہے گزشتہ کئی برس سے مشاعر مقدسہ میں حجاج کےلئے کھانا پکانے کےلئے گیس سلنڈرزکے استعمال پر پابندی عائدکی گئی ہے تاکہ آتشزدگی کا کو ئی سانحہ نہ ہو ۔ اس ضمن میں محکمہ شہری دفاع اور دیگر اداروں کے اہلکار مسلسل تفتیشی کارروائیاں کرتے رہتے ہیں تاکہ اس امر کو یقینی بنایا جاسکے کہ مشاعر مقدسہ میں گیس سلنڈرزنہ لے جاسکیں ۔