ٹرانسپورٹ کی سہولت بھی بہتر ہے ، سفیر پاکستان کی مدینہ منورہ میں عازمین حج سے ملاقات ، انتظامات کا جائزہ
جدہ( ارسلان ہاشمی)پاکستانی عازمین حج کا کہنا ہے کہ مدینہ منورہ میں حج انتظامات بہترین ہیں، انہیں کسی قسم کی شکایت نہیں ۔ کھانا بھی انکے ذوق کے مطابق فراہم کیاجارہا ہے ۔ عازمین نے سفیر پاکستان ہشام بن صدیق سے ملاقات کے دوران حج خدمات پر اطمینان کا اظہار کر تے ہوئے مزید کہا کہ امسال جو انتظامات کئے گئے ہیں انہیں دیکھ کر کافی خوشی ہوتی ہے ۔ کراچی سے آنے والے ایک عازم حج کا کہنا تھا کہ وہ 2برس قبل فریضہ حج کی ادائیگی کےلئے ارض مقدس آیا تھا، اس وقت 2 شکایتیں نوٹ کروائی تھیں جن میں پہلی شکایت کھانے سے متعلق تھی ۔اس وقت ہمیں جو روٹی دی جاتی تھی ہم اسے نہیں کھا سکتے تھے جبکہ دوسری شکایت ٹرانسپورٹ کی تھی ۔ 2برس قبل جو ٹرانسپورٹ ہمیں فراہم کی گئی تھی وہ غیر معیاری تھی ۔ مذکورہ حاجی کا کہنا تھا کہ میں نے دونوں شکایتیں حج مشن میں درج کی تھیں۔ امسال اس بات کی بے حد خوشی ہے کہ جن شکایات کی نشاندہی کی تھی امسال انہیں دور کر دیاگیا ہے ۔ ہمیں حج مشن کے انتظامات کے تحت جو کھانا فراہم کیا جارہا ہے اس کا معیار بہتر ہے جبکہ روٹی بھی تندور کی فراہم کی جارہی ہے جس سے ہمیں کافی خوشی ہے ۔ ایک اور عازم حج کا کہنا تھا کہ مدینہ منورہ میں عمارتیں اچھی ہیں جبکہ انتظامات بھی قدرے بہتر ہیں ۔ واضح رہے سفیر پاکستان نے حج انتظامات کا جائزہ لینے اور حج مشن کی جانب سے فراہم کی جانے والی خدمات کو جانچنے کےلئے مدینہ منورہ میں پاکستانی عازمین حج سے ملاقات کی اور ان سے فراہم کی جانے والی خدمات اور شکایات کے بارے میں دریافت کیا ۔ سفیر پاکستان نے حج مشن کے اسپتال میں زیر علاج پاکستانی عازمین سے بھی ملاقات کی ۔انکی جلد صحت یابی کی دعا کی ۔ اس موقع پر ڈائریکٹر جنرل حج ڈاکٹر ساجد یوسفانی بھی موجود تھے ۔