ماسکو ..... پالتو جانوروں سے انسانوں کا تعلق بیشتر اوقات میں بہت ہی اچھا ہوتا ہے۔جانور پالنے والوں کو اپنے جانوروں سے رفتہ رفتہ اتنی انسیت ہوجاتی ہے کہ وہ انہیں اپنے افراد خانہ سمجھنے لگتے ہیں اور اس قسم کے شفقت آمیز برتاﺅ کی مثالیں جگہ جگہ دیکھی جاسکتی ہیں۔ یہاں پالا جانے والا ایک قوی الجثہ ریچھ بھی اسی قسم کا پالتو جانور ہے جو اپنے مالک کے ساتھ انکے گھر میں ہر وقت تو نہیں رہتا لیکن کھانے پینے کے وقت ڈائننگ ٹیبل پر ان کا ساتھ دیتا نظر آتا ہے۔ مالکان کا کہناہے کہ اگر اسکے بغیر کھانے کی میز پر بیٹھا جائے تو ہمیشہ اسکی کمی محسوس ہوتی ہے۔ واضح ہو کہ ایسے شوخ پالتو جانوروں کی کمی نہیں، بہت سے لوگ شیر ، سانڈ ، کتے ، مگر مچھ اور دوسرے جانور بھی پال لیتے ہیںاور انکے ناز نخرے اٹھاتے ہیں۔ اب اس ریچھ کا ذکر ہورہاہے۔ اس کا نام اسٹیپان ہے او راسے یوری اور سویتلانامی میاں بیوی نے پالا ہے۔ یہ ریچھ سوشل میڈیا میں ہی مقبول نہیں ہوا بلکہ32مختلف فلموں اور وڈیوز میں بھی کردارادا کرچکا ہے جس کی وجہ سے اسے اسٹار کی حیثیت حاصل ہوگئی ہے۔ دونوں میاں بیوی نے اسے بچپن سے پالا ہے اور اب اسکی عمر 24سال ہے۔ اسٹیپان کا قد 7فٹ کے قریب ہے جبکہ ڈیل ڈول بھی ویسا ہی ہے مگر اس کے مالکان کسی بچے سے زیادہ اسے اہمیت نہیں دیتے حالانکہ اگر اسکا دماغ خراب ہوجائے تو وہ منٹوں میں دونوں میاں بیوی کو ہلاک کرسکتا ہے۔ اس قسم کے پالتو جانوروں کے حوالے سے آسٹریلیا کے مشہور شہری وکی لوئنگ کا نام لیا جاسکتا ہے جو 9فٹ لمبا مگر مچھ پالے ہوئے ہے۔ مائیک نامی شخص سانڈ کو اپنے گھر میں رکھے ہوئے ہے۔ لیری ویلاش کو شیر پالنے کا شوق ہے اور اسی لئے اسے جزیرے کا ٹائیگر مین کہا جاتا ہے۔