ماں ہی بچوں کی نگہداشت کی حقدار
ریاض.... اعلیٰ عدالتی کونسل نے واضح کر دیا ہے کہ عام حالات میں ماں ہی کو بچوں کی نگہداشت کا حق ہے۔ تنازع نہ ہونے کی صورت میں ماں عدالت سے رجوع کئے بغیر بچوں کو اپنی نگہداشت میں رکھ سکتی ہے۔ وزیرانصاف وسربراہِ اعلیٰ عدالتی کونسل شیخ ڈاکٹر ولیدالصمعانی نے اس کی منظوری دیدی۔ اس اقدام کا مقصدخاندان کا شیرازہ جمع کرنا اور پراگندہ ہونے سے اسے بچانا ہے۔ جائزہ نگاروں نے اپنی رپورٹ میں بتایا کہ اگر فریقِ ثانی کی جانب سے کسی قسم کا کوئی اعتراض نہ ہو تو ایسی حالت میں ماں ہی کو بچوں کی نگہداشت کا حق حاصل ہو گا۔ اسے اس کےلئے عدالت جانے کی ضرورت نہیں پڑے گی۔ ماں ہی تحفظِ اطفال قانون کی دفعہ 15کے بموجب بچوں کی ذمہ دار ہے۔ دعویٰ دائر کرنے سے ماں باپ دونوں متاثر ہو سکتے ہیں۔ عدالتیں بھی بلا وجہ مقدمات کی سماعت کے چکرمیں پڑیں گی۔ انصاف کا تقاضا یہی ہے کہ ماں کو مقدمات دائر کرنے کے جھنجٹ سے بچایا جائے۔ ماہرین نے توقع ظاہر کی ہے کہ اس فیصلے کے باعث عائلی امور کے مقدمات عدالتوں میں محدود ہو جائیں گے۔