Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

95ہزار غیر قانونی عازمین واپس کردیئے، الحربی

مکہ مکرمہ.... حج سیکیورٹی فورس کے کمانڈر جنرل خالد الحربی نے واضح کیا ہے کہ حج کا ماحول مکدر کرنے اور حج قوانین پامال کرنے کی اجازت ہرگز نہیں دی جائیگی۔حج سیکیورٹی فورس 25شوال1438ھ سے لیکر 20ذی قعدہ 1438ھ تک 95ہزار 400افراد کو حج اجازت نامہ نہ ہونے کے باعث واپس کرچکی ہے۔ حج فورس مشاعر مقدسہ میں حجاج کی آمد ورفت کو منظم کررہی ہے۔ الحربی نے بتایا کہ سیکیورٹی فورس ہر طرح سے حج موسم میں امن و امان کو یقینی بنائے رکھنے کیلئے پوری طرح سے چوکس ہے۔ ضیوف الرحمن کی خدمت تن من دھن سے کی جائیگی۔ بغیر اجازت نامے کے حج مقامات جانے ، لیجانے ، حج قوانین کی خلاف ورزی کرنے والوں او رغیر قانونی طریقے سے حج مقامات پر عازمین کو لیجانے والوں سے سختی سے نمٹا جائیگا۔ انہیں مقررہ سزائیں دلانے کیلئے متعلقہ ادارو ںکے حوالے کردیا جائیگا۔ انہوں نے خبردار کیا کہ سیکیورٹی اہلکار غیر قانونی طریقے سے حج کرنے والوں کا تعاقب نہ صرف یہ کہ مکہ مکرمہ اور مشاعر مقدسہ داخلہ گا ہوں پر اجازت نامے چیک کرکے کریں گے بلکہ مشاعر مقدسہ میں موجود افراد کے فنگر پرنٹس بھی لئے جائیں گے۔ یہ کارروائی اچانک ہوگی۔ مشاعر مقدسہ کے اطراف سی سی ٹی وی کیمرے نصب کئے گئے ہیں۔ انکی مدد سے بھی غیر قانونی عازمین پر نظر رکھی جائیگی۔ الحربی نے اس اعتماد کا اظہار کیا کہ سعودی اور مقیم غیر ملکی قانونی کی عملداری میں سیکیورٹی اہلکاروں سے تعاون کرینگے تاکہ قانونی طریقے سے حج کرنے والوں کو مناسب ماحول مہیا رہے اور حجاج سہولتوں اور منصوبوں سے مناسب طریقے سے فائدہ اٹھاسکیں۔حج کے عازمین اجازت نامہ حاصل کرکے ہی مقامات حج کا رخ کریں۔

شیئر: