جدہ..... سعودی کابینہ کا اجلاس پیر کو جدہ کے قصر السلام میں نائب الملک شہزادہ محمد بن سلمان کی زیر صدارت ہوا۔ سعودی کابینہ نے حج کو سیاسی رنگ دینے کی کوششوں کو سختی کے ساتھ مسترد کردیا ۔ فوجی صنعتی جنرل کارپوریشن کے قیام کا بھی فیصلہ کیا۔ وزیر ثقافت و اطلاعات ڈاکٹر عواد بن صالح العواد نے اجلاس کے بعد سعودی خبررساں ایجنسی واس سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ کابینہ نے ضیوف الرحمن کی خدمت پر مامور اداروں اور وزارتوں کی تیاریوں سے متعلق خصوصی رپورٹ سن کر اس امر کی تاکید کی کہ تمام وزارتیں، محکمے اور ادارے ضیوف الرحمن کو انتہائی آرام و راحت ، سکون و اطمینان اور امن و امان فراہم کرنے کا انتہا درجے خیال رکھیں۔ حرمین شریفین اور مشاعر مقدسہ کے زائرین کو جتنا آرام پہنچا سکتے ہوں پہنچائیں۔کابینہ نے واضح کیا کہ حجاج او رمعتمرین اللہ تعالیٰ کے مہمان ہیں۔ ارض مقدس انکی آمد کا ہدف اللہ رب العزت کی ندا پر لبیک کہناہے۔ یہاں وہ اللہ تعالیٰ سے دعائیں کرنے اور گناہ معاف کرانے کیلئے آئے ہیں۔ اسی کے لئے یکسو رہیں۔ کابینہ نے باور کرایا کہ سعودی عرب حج کو سیاسی رنگ دینے کی تمام تحریکوں کو پوری قوت سے مسترد کرتا ہے۔ کابینہ نے مصری شہر عریش اور شمالی افغانستان کے قریہ مرزا، پاکستانی شہر کوئٹہ اور بارکینا فاسو میں دہشتگرد حملوں کی سخت مذمت کی۔کابینہ نے متعدد منظوریاں بھی دیں۔ سعودی عراقی رابطہ کونسل کے قیام کی منظوری دی۔ ریڈیو ، ٹی وی کارپوریشن کے قانون کی دفعہ 6،10اور 11میں ترمیم کی۔کابینہ نے اقتصادی و ترقیاتی امو رکی سفارش پر فوجی صنعتوں کی جنرل اتھارٹی کے قیام کی منظوری دیتے ہوئے واضح کیا کہ یہ خودمختار ادارہ ہوگا۔ مالیاتی و انتظامی دونوں اعتبار سے اپنے فیصلوں میں آزاد ہوگا۔