نئی دہلی۔۔۔۔کانگریس نے وزیر اعظم نریندر مودی پر جھوٹے وعدے اور کھوکھلے دعوے کا الزام لگاتے ہوئے کہاہے کہ مودی کو اپنے 3سال کا حساب کتاب دینا چاہئے۔ شرما نے کہا کہ وزیر اعظم نے عوام سے جو وعدے کئے تھے ان میں سے کتنے پورے کئے گئے۔ یہ تکلیف دہ حقیقت ہے کہ ہندوستانی معیشت میں تیزی سے کمی آرہی ہے۔ گزشتہ ڈھائی سال سے معیشت کمزور ہورہی ہے ۔ حکومت کی توجہ اس طرف مسلسل مبذول کرائی جارہی ہے کہ حالات بہتر بنائے جائیں ۔ حالیہ اقتصادی سروے میں ان باتوں کی تصدیق کی گئی ہےکہ سرمایہ کاری میں کمی آگئی ہے یہ گزشتہ 65برسوں میں سب سے کم سرمایہ کاری کا تناسب ہے۔ شرما نے الزام لگایا کہ بی جے پی حکومت کی خامیوں کو چھپانے اور لوگوں کی توجہ ہٹانے کیلئے طرح طرح ہتھکنڈے اختیار کررہی ہے۔ سابق مرکزی وزیر نے کہا کہ ہم بی جے پی صدر امیت شاہ کے اس بیان کی مذمت کرتے ہیں جس میں انہوں نے مہاتما گاندھی کی قیادت میں ہوئی جنگ آزادی کی توہین کی ہے۔ اس بیان سے اقتدار کا تکبر جھلکتا ہے۔ ہمیں یہ نہیں بھولنا چاہئے کہ بی جے پی کا آزادی کی فیصلہ کن تحریک میں کوئی اہم کردار نہیں ۔