Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

آئی سی سی نے پاکستان کیلئے سیکیورٹی کمپنی کی خدمات حاصل کرلیں

لاہور: پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے چیئرمین نجم سیٹھی کا کہنا ہے کہ انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے پاکستان میں کرکٹ کی بحالی میں مدد کے لئے بین الاقوامی سیکیورٹی کمپنی سے 3 سالہ معاہدہ کرلیا۔ پی سی بی کے نو منتخب چیئرمین نجم سیٹھی کا کہنا تھا کہ مذکورہ سیکیورٹی کمپنی اگست کے آخر میں یا ستمبر کے آغاز میں پاکستان کا دورہ کرے گی اور ملک میں سیکیورٹی صورتحال کا جائزہ لے گی۔ انہوں نے بتایا کہ یہ سیکیورٹی کمپنی برطانیہ، نیوزی لینڈ اور متحدہ عرب امارات میں موجود ہے اور بین الاقوامی سطح پر اس کی شہرت اچھی ہے۔آئی سی سی کے اس اقدام کی تعریف کرتے ہوئے نجم سیٹھی کا کہنا تھا کہ یہ پاکستان میں کرکٹ کی بحالی کے لئے مثبت قدم ہے۔نجم سیٹھی کا کہنا تھا کہ فیڈریشن آف انٹرنیشنل کرکٹرز (ایف آئی سی اے) کا نمائندہ بھی اس سیکیورٹی کمپنی کے ساتھ لاہور آئے گا اور سیکیورٹی صورتحال کا جائزہ لے گا۔پی سی بی کے چیئرمین نے بتایا کہ سیکیورٹی کمپنی حکومت پنجاب کے ساتھ مل کر سیکیورٹی کا جائزہ لے گی۔ انہوں نے انکشاف کیا کہ مذکورہ سیکیورٹی ٹیم 4 لاکھ امریکی ڈالر کے عوض ہر سال پاکستان کا دورہ کرے گی ۔3 سال میں 12 لاکھ ڈالر دیئے جائیں گے۔سیکیورٹی کمپنی کی رپورٹ کی بنیاد پر پاکستان میں پی ایس ایل کے انعقاد کی منظوری دی جائے گی جس میں بین الاقوامی کرکٹرز بھی حصہ لیں گے۔نجم سیٹھی کا کہنا تھا کہ ایف آئی سی اے کے نمائندے کو اس ٹیم میں شامل کرنے کا مقصد تمام بین الاقوامی کھلاڑیوں کے پاکستان کے حوالے سے خدشات دور کرنا ہے۔

شیئر: