لند ن۔۔۔برطانوی حکومت اور بحری تجارتی حکام نے ایک انتباہی بیان جاری کیا ہے جس میں کہا گیا ہے کہ دہشتگردوں کی جانب سے یمن کے ساحل سمندر سے گزرنے والے مال بردار بحری جہازوں کو حملوں کا نشانہ بنایا جاسکتا ہے ۔وارننگ میں کہا گیا ہے کہ یمن کی باب المندب اور خلیج عدن بندرگاہوں پر لنگر انداز ہونے اور وہاں سے گزرنے والے تجارتی بحری جہازوں کو ریموٹ کنٹرول کے ذریعے سے بارود سے لدی کشتیوں یا راکٹوں سے نشانہ بنائے جانے کا خدشہ موجود ہے۔برطانوی حکومت کی طرف سے یہ انتباہ ایک ایسے وقت میں جاری کیا گیا ہے جب باب المندب کے جنوبی داخلی راستے پر 2 مال بردار بحری جہازوں کو خود کش بمبار کشتیوں سے نشانہ بنانے کی کوششیں ناکام بنائی گئیں۔انتباہی بیان میں کہا گیا ہے کہ باب المندب کے جنوبی راستے پر جزیرہ میون کے قریب انتہائی تیز رفتار کشتیوں کو بحری جہازوں سے ٹکرانے کیلئے بھیجا گیا تھا۔