Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

120ہزار غیر قانونی عازمین واپس کئے، محکمہ امن عامہ

مکہ مکرمہ.... حج موسم کے آغاز سے لے کر اب تک ایک لاکھ 20ہزار60غیر قانونی عازمین نے مکہ مکرمہ دراندازی کی کوشش کی ہے۔ محکمہ امن عامہ نے اعلامیہ جاری کرتے ہوئے کہاہے کہ 25شوال سے 24ذو القعدہ تک مکہ مکرمہ کی مختلف چوکیوں سے واپس کئے جانے والے غیر قانونی عازمین کے علاوہ 61 ہزار524گاڑیوں کو بھی واپس کردیا گیا ہے۔ ٹویٹر پر جاری ہونے والے اعداد وشمار میں بتایا گیاہے کہ حج اجازت ناموںکے بغیر شہر مقدس میں داخل ہونے کی کوشش کرنے والوں کو واپس کرنے کے علاوہ حج موسم کے بعد ان کےخلاف ضابطے کے مطابق کارروائی ہوگی۔دوسری طرف محکمہ امن عامہ نے مکہ مکرمہ لے جانے والے تمام راستوں پر چوکیاں قائم کر رکھی ہیں جن میں جدید آلات اور مشینیں فراہم کر دی گئی ہیں۔ حج اجازت نامہ کے بغیر مکہ مکرمہ میں داخل ہونے کی کوشش کرنے والوں کے فنگر پرنٹس لے کر انہیں واپس کردیا جاتا ہے ۔ بعد ازاں ان کا نام محکمہ پاسپورٹ کی بلیک لسٹ میں شامل کیا جاتا ہے۔ اقامہ تجدید کرنے پر یا خروج وعودہ لینے کے وقت محکمہ سے رجوع کرنے پر ان کےخلاف قانون کے مطابق کارروائی ہوگی۔ واضح رہے کہ وزارت داخلہ نے اعلان کر رکھا ہے کہ اجازت نامہ کے بغیر حج کرنے کی کوشش کرنے والے غیرملکیوں کو مملکت سے بیدخل کیا جائے گا۔

شیئر: