مظفر نگر۔۔۔۔۔مظفر نگر سے کھتولی ریلوے اسٹیشن کے درمیان پوری سے ہری دوار جانے والی کلنگ اتکل ایکسپریس ٹرین حادثہ کا شکار ہوگئی۔ حادثہ اتنا شدید تھا 15بوگیاپٹری سے اتر گئیںاور 8بوگیاں ایک دوسرے پر چڑھ گئیں ۔ حادثے کے بعد محکمہ ریلوے کے اعلیٰ عہدیدار اورافسران جائے وقوعہ پر پہنچ گئے اور امدادی کام شروع کردیا۔حادثے کے بعد دہلی سہارنپور روٹ کی ٹرینیں معطل کردی گئیں ۔ راحت اور بچاؤکا کام تیزی سے جاری ہے۔عینی شاہدین کے مطابق ٹرین جیسے ہی کھتولی ریلوے اسٹیشن سے آگے بڑھی تیسرے نمبر کی بوگی پٹری سے اتر گئی اور یکے بعد دیگر15بوگیاں پٹری سے اتر گئیں۔حادثہ اس قدر شدید تھا کہ مسافر ڈبے کے اندر پھنس کر رہ گئے۔علاقے میں کہرام مچ گیا۔علاقے کے لوگوں نے مسافروں کو باہر نکالنے میں بھرپور تعاون کیا ۔بچاؤ اورراحت کاری پرتعینات عملے نے بعض بوگیاں کاٹ کر مسافروں کو باہر نکالا جنہیں مظفر نگر، کھتولی اور میرٹھ اسپتالوں میں داخل کرادیا گیا۔ذرائع کے مطابق ٹرین جیسے ہی کھتولی اسٹیشن سے روانہ ہوئی انجن سے ڈبوں کی کلپنگ ٹوٹ گئی اورانجن 500میٹر دور نکل گیا جس کے بعد ٹرین کے ڈبے لڑکھڑاتے ہوئے کچھ ریلوے لائن سے نیچے اوربعض ایک دوسرے پر چڑھ گئے ۔ حادثہ تلک رام کالج کے قریب پیش آیا جہاں ایک مکان بھی ٹرین کی زد میں آکر تباہ ہوگیاتاہم وہ مکینوں سے خالی تھا۔