Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

انڈین سوشیل فورم جدہ کی تقریب جشن آزادی ہند

    جدہ (امین انصاری ) انڈین سوشیل فورم جدہ کے زیر اہتمام جدہ میں ہندوستان کا 70 واں جشن یوم آزادی ہند صدر فورم اشرف کی صدارت میں منایا گیا ۔ تقریب میں جدہ میں مقیم ہندوستان کی مختلف ریاستوں کی سرکردہ شخصیات نے شرکت کی ۔علی کویا نے خیر مقدم کرتے ہوئے کہا کہ آج ہمیں خوشی ہے کہ ہم وطن سے دور رہتے ہوئے بھی اپنے ملک کی آزادی کا جشن اپنے ہم وطنوں کے ساتھ منارہے ہیں ۔ صدر محمد اشرف نے صدارتی خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہم سیکولر ملک کے سیکولر لوگ ہیں، ہمارا مذہب ہمیں اپنے ملک سے محبت کرنے کی اجازت دیتا ہے لہذا ہمارا فرض ہے کہ ہم اتحاد اور اتفاق کیساتھ ملک کی ترقی کیلئے ایک ہوکر کام کریں تبھی ملک ترقی کے منازل طے کرسکتا ہے ۔
    محمد امان نے سلائڈ شو کے ذریعے ہندوستان کی آزادی سے آج تک 70 سالہ دور کی ترقی اور آزادی کی قربانیوں کو پروجیکٹر کے ذریعے پیش کیا ۔ انہوں نے بتایا کہ کس طرح ہمارے اسلاف نے جانوں اور مالوں کی قربانی دیکر ہندوستان کو انگریزوں سے آزاد کرایا ۔ اب ہم کس طرح ہندوستان کو مضبوط سیکولر اور ترقی یافتہ ملک بناسکتے ہیں۔ اس پر انہوں نے پروجیکٹس پیش کئے ۔ہر دور کے حکومت کی پالیسیوں کو بھی پروجیکٹر کے ذریعے بتایا گیا کہ کہاں ترقی ہوئی اور کہاں ملک و قوم کا نقصان ہو ا ۔ عوام نے اسے بہت سراہا ۔
    انٹرنیشنل انڈین اسکول جدہ کی منیجنگ کمیٹی کے چیئرمین آصف رمیز داؤدی نے کہا کہ ہمیں چاہئے کہ عوام میں شعور بیدار کریں کہ ہم الیکشن کے وقت ایک ایسی حکومت کا انتخاب کریں جو ملک و قوم کی ترقی کیلئے سرگرداں ہو۔ انہوں نے کہا کہ آج جو حالات ہندوستان کے ہیں وہ وقتی ہیں، اگر ہم سچی لگن اور جذبہ کے ساتھ ملک کی ترقی کیلئے آگے بڑھیں تو پھر کامیابی ہمارے قدم چومے گی ۔ انہوں نے اسکول انتظامیہ کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ ہمیں تعلیم کو بہتر سے بہتر بنانے کیلئے چند مشکلات درکار ہیں ۔ہماری کمیٹی کی کوشش ہے کہ ہم اپنے دور میں اسکول کو بلندیوں پر لے جائیں ۔ انہوں نے ہندوستان میں متحدہ محاذ بناکر کام کرنے کی اہمیت پر زور دیا ۔ انڈین سوشیل فورم کے کارناموں کو بھی سراہا ۔
    سابق صدر انڈین فورم اعجاز احمد خان نے کہا کہ حب الوطنی ہمارے خون میں شامل ہے، ہم دنیا کے کسی بھی کونے میں رہیں اپنے ملک کی ترقی اور اس کی بقا ء کیلئے نہ صرف کام کریں گے بلکہ ہر گام پر اپنی خدمات کو پیش کریں گے ۔ انہوں نے کہا کہ ہم دیار غیر میں رہتے ہوئے اپنے ہم وطنوں کیلئے جو کام کررہے ہیں وہ ہمارا فرض ہے ۔ آزادی میں حصہ لینے والے مجاہدین کو ہر دم خراج عقیدت پیش کرنا چاہئے، خواہ وہ کسی بھی مذہب سے تعلق رکھتے ہوں ۔
    بھٹکل کمیونٹی کے عبید نے کہا کہ آج ضرورت اس بات کی ہے کہ آپس میں اتحاد و اتفاق پر زور دیں ۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں کسی اور پر الزام تراشی کرنے سے پہلے اپنی صفوں میں اتحاد لانے کی ضرورت ہے ۔ انہوں نے کہا کہ آج ہندوستانی میڈیا اینٹی مسلم پروپیگنڈہ چلا رہا ہے، نہیں معلوم کس کی ایما پر یہ کام ہورہا ہے لیکن ہمیں ثابت قدم رہنے کی ضرورت ہے اور ایسے ڈیبیٹس میں حصہ نہ لیں جو مسلمانوں کے حق میں نہ ہوں ۔ ہمیں سیکولر ہوکر ملک کی ترقی کیلئے جڑنے کی ضرورت ہے ۔
     سینیور جرنلسٹ محمد حسن نے کہا کہ مسلمان اپنے ملک سے اتنی ہی محبت کرتے ہیں جتنا اپنے مذہب سے ،کیونکہ ملک سے محبت ہمارے ایمان کا حصہ ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں حب الوطنی کا سرٹیفکیٹ دینے کی ضرورت نہیں ۔ہم ہندوستانی تھے ، ہیں اور ریں گے ۔
    زکریا بلادی نے اپنے خطاب میں کہا کہ جو قوم اپنے اسلاف کی قربانیوں اور ان کے کارناموں کو بھول جاتی ہے تاریخ انہیں بھلا دیتی ہے۔ آج ضرورت اس بات کی ہے کہ ہم اپنے اجداد کی قربانیوں کو اپنے بچوں اور تقاریب میں اجاگر کریں تاکہ نسلِ نو میں وہ اسپرٹ آئے اور اپنے اسلاف کو اپنا آئیڈیل بنائیں ۔ انہوں نے کہا کہ ہندوستان پر 900 سال تک مسلمانوں نے حکومت کی تب ہم کوئی میجارٹی میں نہیں تھے بلکہ اقلیت میں ہی تھے لیکن اپنے کردار اور سیکولرزم کی وجہ سے 900سال حکومت کرکے ہم نے ہندوستان کو سونے کی چڑیا بنادیا تھا ۔ آج70 سال بعد پھر وہی جذبے اور اسپرٹ کی ضرورت ہے ۔ آج ضرورت ہے سیکولر لوگوں کی جو فرقہ پرست عناصر سے ملک کو بچانے اور ملک کو ترقی کی راہ پر گامزن کریں ۔
    محمد شریف نے شرکائے محفل اور مقررین کا شکریہ ادا کیا  اور آخر میں حاضرین محفل نے کھڑے ہوکر قومی ترانہ پڑھا ۔

شیئر: