Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

مدینہ منورہ میں تلنگانہ این آر آئیز ویلفیئر ایسوسی ایشن کا جشن یوم آزادی ہند

ہر عمر کے بچے اور بڑوں کیلئے کھیلوں کا اہتمام ، مرد و خواتین کا اظہار مسرت ،اردو ہماری میراث ہے ،اس کی حفاظت ہم سب کا ذمہ ہے ، ڈاکٹر عبدالجبار محوی
    مدینہ منورہ ( امین انصاری ) تلنگانہ این آر آئیز ویلفیئر ایسو سی ایشن کی جانب سے مدینہ منورہ میں بڑے پیمانے پر جشن یوم آزادی  ہند کا اہتمام کیا گیا۔ جشن میں کثیر تعداد میں فیملیز نے اپنے اہل وعیال کے ساتھ شرکت کی۔ شرکت کیلئے لوگوں کے ذوق کو دیکھتے ہوئے استراحہ میں تقریب کا انعقاد عمل میں لایا گیا۔
    اس تقریب کے مہمانِ اعزازی اقبال احمد    اورسید احمد محسن جبکہ مہمانِ خصوصی ڈاکٹر ندیم ابن منشاء تھے۔
    صبح9 بجے سے ہی فیملیزکی استراحہ میں آمد شروع ہوئی اور بچے اور بڑے کھیل کود میں مصروف ہو گئے۔صدر ایسوسی ایشن عبدالجبار اور ارکان نے آنے والے شرکاء ، خواتین ، بچے اور بڑوں کیلئے ہر قسم کے اسپورٹس اور گیمز کے مقابلوں کا اہتمام کیا تھا۔ خواتین اورلڑکیوں کیلئے سویمنگ پول کا خاص اہتمام کیا گیا جس سے وہ لطف اندوز ہوئیں۔ دوپہر 4 بجے سے مقابلوں کا باضابطہ ججز کی نگرانی میں آغاز کیا گیا۔ کمسن بچوں میں لیمن اسپون ریس اور رننگ ریس کروائی گئی۔ 16 سال سے بڑی عمر کے بچوں میں فٹبال کے میچز ہوئے۔ شائقینِ فٹبال سے میدان بھرا ہوا تھاجس میں ناظرین کاجوش و خروش قابل دید تھا ۔ بعد مغرب کمسن طلبہ میں ڈرائنگ اور خوش خطی کے مقابلہ ہوئے۔ بعد نماز عشا ء تقریری اور نظم خوانی کے مقابلے ہوئے۔
    تلنگانہ ویلفیئر ایسوسی ایشن نے اس بار خواتین کے سکشن میں مہندی ڈیزائننگ اور میوزیکل چیئر کے مقابلے بھی رکھے تھے۔ خواتین نے مہندی ڈیزائننگ میں اپنے فن کا مظاہرہ کرتے ہوئے ایک دوسرے پر سبقت لے جارہے تھے۔ ججز کی طرف سے دیئے گئے مقررہ وقت میں خوبصورت سے خوبصورت ڈیزائن ڈال کر اپنے ٹیلنٹ کا لوہا منوایا ۔دوسری جانب خواتین نے میوزیکل چیئر گیم میں حصہ لے کر اپنے بچپن کی یادوں کو تازہ کیا ۔
    اس موقع پر آنے والے مرد حضرات نے جشن آزادی ٔہند پر اپنی مسرت کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ  خوشی ہے کہ ہم دیار غیر میں اپنے عظیم ملک کا جشن منارہے ہیں، اس کا سہرا ہ دکن این آر آئیز ویلفیئر ایسوسی ایشن کو جاتا ہے۔شرکائے محفل نے بتایا کہ ہمیں فخر ہے کہ ہم ہندوستانی ہیں اور ہمارا ملک سیکولر ملک ہے جہاں ہر ایک کو اپنے مذہب پر قائم رہنے کی کھلی چھوٹ ہے۔
     رات 10بجے جشن آزادی پر جلسہ کا آغازمحمد مقیم الدین کی تلاوت سے ہوا جبکہ سلیمان بن ساجد نے حمد باری تعالیٰ پیش کی اور محمدخورشید اور محمد عبد البدیع خان نے نعت پاک پڑھنے کی سعادت حاصل کی۔ صدرتلنگانہ این آر آئیز ویلفیئر ایسو سی ایشن  ڈاکٹرمحمد عبد الجبار خان محوی نے حاضرینِ جلسہ کا خیر مقدم کرتے  ہوئے انہیں جشن آزادی ہند کی مبارکباد دی اور کہا کہ ہندوستان دنیا کا سب سے بڑا سیکولر ملک ہے۔ ہمارے اسلاف نے اپنی جانوں کی قربانی دیکر اس ملک کو آزاد کروایا اور ہم اس کے محافظ اور نگہبان ہیں۔ ایسوسی ایشن نے بچوں اور بڑوں کیلئے اردو اور تلگو زبانوں کی مفت تعلیم کا انتظام کیا ہے۔ تلنگانہ ایسوسی ایشن نے رمضان المبارک میں صحن مسجد نبویمیں روزداروں کیلئے افطار کا اہتمام کیا جو ہمارے لئے بہت بڑی سعاد ت کی بات تھی۔
    مہمانِ اعزازی اقبال احمد نے اپنے خیالات کا اظہار کیا اور اجتماعی طرز زندگی کی اہمیت کو اجاگر کیا۔ مہمان خصوصی ڈاکٹر ندیم ابن منشاء ناگپور( مہاراشٹرا) ، مہمان اعزازی سید احمد محسن نے جلسہ کو مخاطب کیا۔ بعد ازاں انعامات تقسیم کئے گئے۔ اس موقع پر رات دیر گئے مشاعرہ کا انعقاد ڈکٹر ندیم ابن منشاء کی صدارت میں عمل میں آیا۔
    مشاعرہ میں ضمیر سوانی ، ڈاکٹر خالد ، سید احمد محسن نے اپنا کلام سنایا جسے سامعین نے خوب پسند کیا۔ آخر میں محمد عبد الحمید جنرل سیکریٹری تلنگانہ آین آر آئیز ویلفیئر ایسوسی ایشن کے شکریہ پر جشن آزادیٔ ہند کی تقریب کا اختتام عمل میں آیا۔

 

شیئر: