73ہزار غیر ملکی "مدیران"کی جگہ سعودیوں کو کمپنیوں کا سربراہ بنانے کی مہم
ریاض------------ معروف سعودی کالم نگار صالح الشیحی نے مطالبہ کیا ہے کہ سعودی عرب میں 73ہزار غیر ملکی مدیران "ڈی جیز"کی جگہ سعودیوں کو کمپنیوں کا سربراہ بنایا جائے۔ انہوں نے توجہ دلائی کہ مملکت کی 73ہزار کمپنیوں کے ڈی جیز غیر ملکی ہیں۔ ان میں سے بعض ایسے ہیں جو اردن، مصر اور سوڈان کی یونیورسٹیوں سے فرضی ڈگری لئے ہوئے ہیں۔ ان کے پاس تجربات کے سرٹیفکیٹ بھی جعلی ہیں۔ الشیحی نے سوال اٹھایا کہ آخر غیر ملکیوں کے پاس ایسا کیا کچھ ہے جو سعودیوں شہریوں کے پاس نہیں۔ جعلی ڈگریوں اور فرضی تجربات رکھنے والے غیر ملکیوں کو اعلیٰ عہدے ملے ہوئے ہیں۔کیا معمولی تجربات اور اصلی ڈگری رکھنے والے سعودی ان عہدوں کے حقدار نہیں بنتے؟ الشیحی نے الوطن اخبار کے اپنے کالم میں اعتراف کیا کہ میڈیسن اور کئی تکنیکی شعبے ایسے ہیں جن کی سربراہی کیلئے سعودی مہیا نہیں لیکن بیشتر شعبوں میں سعودی شہری اعلیٰ عہدوں پر فائز کئے جا سکتے ہیں۔ انہو ںنے فرضی ڈگریوں اور جعلی تجربات رکھنے والے غیر ملکیوں کے اعلیٰ عہدوں پر فائز ہونے کے کچھ شواہد بھی اپنے کالم میں پیش کئے۔ الشیحی نے مطالبہ کیا کہ بہتر ہو گا کہ اعلیٰ عہدوں پر فائز کرنے کیلئے سعودیوں پر عائد شرائط میں تخفیف کی جائے۔