برازیل سیمنٹ سے لدی لاری دکان میں جاگھسی
ریور ڈے، برازیل .... برازیلی شہر ریو ورڈے ایک پہاڑی علاقہ ہے جہاں گاڑیاں چلانا بہت مشکل ہوتا ہے اور ڈرائیور اکثر اپنے راستے سے بھاگ جاتے ہیں یا گاڑیاں ان کے قابو سے باہر ہوجاتی ہیں۔ ایسا ہی کچھ یہاں اس وقت دیکھنے میں آیا جب سیکڑوں سیمنٹ کے بوریوں سے بھری لاری ایک دکان میں جاگھسی۔گاڑی کے اس بڑی دکان میں گھسنے کی آواز چاروں طرف پھیلی اور دکان کے اندر جولوگ موجود تھے انہوں نے چیختے ہوئے بھاگے اور اپنی جان بچائی مگر ایک خاتون بیچاری ٹرک کے سامنے آگئی اور بے قابو ٹرک اسے گھسیٹتا ہوا دیوار تک لے گیا جس سے اسکا کولہا ٹوٹ گیا اور کئی زخم بھی آئے تاہم وہ زندہ بچ گئی ہے اور اسپتال میں بھی اسکی حالت اطمینان بخش بتائی جارہی ہے۔ لاری ڈرائیور کا کہناہے کہ گاڑی کا بریک اچانک خراب ہوگیا تھا اور زمین بھی غیر مسطح تھی جسکی وجہ سے یہ حادثہ پیش آیا۔ اس موقع کی سی سی ٹی وی وڈیو جاری ہوئی ہے جس میں دکان میں موجود گاہکوں اور عملے کے ارکان کو شور مچاتے ہوئے بھاگتے دکھایا گیا ہے۔ مقامی ٹریفک حکام کاکہناہے کہ خوش قسمتی کی بات ہے کہ اتنے بڑے حادثے میں کسی کی جان نہیں گئی ورنہ ایسے حادثے جان لے لیتے ہیں۔ دکان کے مالک عمر اندرادھے کا کہناہے کہ وہ اس حادثے کی خبر سن کر پریشان ہوگیا تھا اور اس کی دعا تھی کہ کوئی جانی نقصان نہ ہوا ہو اور ایسا ہی ہوا۔دکان کو تعمیراتی طور پر کچھ نقصان ہوا ہے جسے درست کرلیا جائیگا۔ وین اور دیوار کے درمیان پھنس جانے والی خاتون کو نکالنے کیلئے فائر فائٹرز کی مدد حاصل کرنا پڑی۔ پولیس نے مقدمہ درج کرکے تحقیقات شروع کردی ہے۔