ضیوف الرحمان کیلئے اچھے انتظامات پر سعودی حکومت کو خراج تحسین
طائف(ابو علی بڈانی) حج پر آنے والی وہاڑی کی معروف سیاسی، سماجی اور صحافتی شخصیات کے اعزاز میں پاکستان میڈیا کونسل سعودی عرب کے صدر محمد ارشد مرزا نے ظہرانے کا اہتمام کیا۔ظہرانہ میں شیخ خالد مسعود ساجد مرکزی چیئرمین انٹرنیشنل جرنلسٹ رائٹس کونسل(آئی جے آر سی) بیوروچیف خبریں گروپ وہاڑی نادر علی بھٹی نائب صدر مسلم لیگ ن یوتھ ونگ پنجاب کونسلر بلدیہ وہاڑی شیخ سلمان مسعود ڈسٹرکٹ رپورٹر نیا اخبار وہاڑی شریک ہوئے۔ اس موقع پر نادرعلی بھٹی نے کہا کہ اللہ پاک ہمارے وطن عزیز کی حفاظت فرمائے۔انہوں نے نواز شریف سے متعلق عدالتی فیصلے پر ن لیگ کے موقف کا اعادہ کیا۔ خالد مسعود ساجد نے اپنے خطاب میں کہا کہ سعودی عرب آکر یہاں کا نظام اور حج انتظامات دیکھ کر دل بے حد خوشی ہوا۔ جگہ جگہ بااخلاق سیکیورٹی اہلکار ہر وقت ہماری رہنمائی کے لئے تیار ہوتے ہیں۔ ہم شاہ سلمان کے مشکور ہیں جنہوں نے ضیوف الرحمن کےلئے اپنی نگرانی میں اتنے اچھے انتظامات کروائے ہیں۔ اس کے ساتھ ساتھ پاکستانی حج مشن والوں نے بھی تمام حجاج کرام کے لئے ما شاءاللہ رہنے ، کھانے اور حرم شریف میں آنے جانے کےلئے بہت اچھے انتظامات کرائے ہیں۔ کھانے کے بعد میزبان محمد ارشد مرزا نے سب مہمانوں کا شکریہ ادا کیا۔ آخر میں پاکستان اور سعودی عرب کی ترقی و خوشحالی کےلئے خصوصی دعا کرائی گئی۔