لاہور: پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین نجم سیٹھی نے کہا ہے کہ ورلڈ الیون ستمبر کے دوسرے ہفتے میں،سری لنکا اکتوبر میںجبکہ ویسٹ انڈیز کی ٹیم نومبر میں پاکستان کا دورہ کرے گی ۔ لاہور میں پریس کانفرنس کے دوران چیئرمین پی سی بی نجم سیٹھی نے واضح کیا کہ ورلڈ الیون کا کامیاب دورہ دیگر ٹیموں کی آمد کی راہ ہموار کردے گا۔ایک سوال پر نجم سیٹھی نے کہا کہ دوسے 3 روز میں ورلڈ الیون میں شامل کھلاڑیوں کے ناموں کا اعلان کردیا جائے گا۔انہوں نے بتایا کہ پاکستان اور ویسٹ انڈیز کی ٹیمیں3 ٹی ٹوئنٹی کھیلیں گی۔ ان کا کہنا تھا کہ ابھی تک کوئی غیر ملکی ٹیم لاہور کے علاوہ کسی اورشہر میں کھیلنے کے لیے تیار نہیں۔ ایک سوال پر چیئرمین پی سی بی نے کہا کہ سری لنکا کو پاکستان کے دورے پر راضی کرنا بہت مشکل کام تھا تاہم سری لنکن بورڈ نے دلیری سے فیصلہ لیا اور کہا کہ ہم آئیں گے۔ پاکستان میں انٹرنیشنل کرکٹ کے دروازے کھل گئے۔ ورلڈ الیون، سری لنکا اورویسٹ انڈیزنے پاکستان آنے کا فیصلہ کرلیا۔چیئرمین پی سی بی کا کہنا ہے کہ نومبرکے شروع میں ڈومیسٹک ٹی 20میلہ سجے گا۔انہوں نے کہا کہ خواہش ہے کہ پی ایس ایل کےلئے لاہور کے بعد کراچی جائیں۔ کراچی جاﺅں گا ،جہاں وزیراعلیٰ سندھ ،کورکمانڈر اور ڈی جی رینجرز سے ملاقات میںسیکیورٹی کے متعلق بات ہوگی۔