مدھیہ پردیش: اسپتال میں بچوں کی موت پر واویلا
ریوا۔۔۔۔مدھیہ پردیش کے ریوا ضلع میں واقع سنجے گاندھی میموریل اسپتال میں 6گھنٹے کے اندر 3نوزائیدہ اور ایک حاملہ خاتون کی موت کی خبر کے بعد واویلا مچ گیا۔شیام شاہ میڈیکل کالج ریوا کے ڈین پروفیسر پی سی دویدی نے بتایا کہ ہفتہ سے اتوار کی درمیانی شب 3خواتین ایسی حالت میں لائی گئیں جن کے بطن میں ہی بچے مرچکے تھے ۔ انہوں نے کہا کہ ایک خاتون کی حالت انتہائی خراب تھی، ان کا ہیموگلوبن بہت کم تھا جس کی وجہ سے ان کا آپریشن بھی نہیں کیا جاسکا۔ مردہ بچے کو جنم دینے کے بعد خاتون کی بھی موت واقع ہوگئی۔ ایک طرف انتظامیہ اسے معمولی واقعہ شمارکرتی ہے ، وہیںدوسری جانب 3بچوں کی موت ایک ساتھ سامنے آنے کے بعد سے کالج کے ڈین نے زچہ بچہ وارڈ جاکر معلومات حاصل کی۔ ذرائع کے مطابق سنگراولی ضلع کی ایک خاتون کے لواحقین نے الزام لگایا کہ انہوں نے ڈاکٹروں سے خاتون کا آپریشن کرنے کی گزارش کی لیکن انہوں نے نہیں کیا اور صبح خاتون اور بچہ دونوں کی موت ہوگئی۔اس واقعہ کے بعد لواحقین نے پولیس میں شکایت درج کرادی ، اسی رات 2مزید نوزائدہ بچوں کی موت کی اطلاع ہے۔