اسلام آباد...وفاقی حکومت نے افغانستان کے ساتھ تجارت کے فروغ کے لئے شمالی وزیرستان ایجنسی کے علاقے غلام خان میں ٹرک ٹرمینل تعمیر کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔شمالی وزیرستان ایجنسی کی پولٹیکل انتظامیہ کے ترجمان نے سرکاری ریڈیو کو بتایا کہ اس مقصد کے لئے 150 کنال اراضی حاصل کر لی گئی ۔ ٹرمینل طورخم ٹرمینل کی طرز پر تعمیر کیا جائے گا ۔ اسے30 کروڑ روپے کی لاگت سے 3 ماہ میں مکمل کیا جائے گا۔ منصوبے کی تکمیل سے افغانستان اور وسط ایشیائی ملکوں کے ساتھ تجارت کو فروغ ملے گا۔