مکہ مکرمہ..... گورنر مکہ مکرمہ شہزادہ خالد الفیصل خادم حرمین شریفین کی نیابت کرتے ہوئے خانہ کعبہ کا نیا غلاف یکم ذی الحجہ بدھ کو کلید بردار ِکعبہ شیخ ڈاکٹر صالح الشیبی کے حوالے کردیا۔ یہ رسم ہر سال یکم ذی الحجہ ہی کو ادا کی جاتی ہے۔ نیا غلاف 9ذی الحجہ کو خانہ کعبہ پر چڑھایا جائےگا۔ غلاف کعبہ حوالے کرنے کی باقاعدہ تقریب منعقد ہوئی جس میں مسجد الحرام و مسجد نبوی شریف کی انتظامیہ کے سربراہِ اعلیٰ شیخ ڈاکٹر عبدالرحمن السدیس، نائب سربراہ شیخ ڈاکٹر محمد الخزیم،کنگ عبدالعزیز کمپلیکس برائے غلاف کعبہ کے ڈائریکٹر جنرل ڈاکٹر محمد باجودہ موجود تھے اور غلاف کعبہ حوالے کرنے اور وصول کرنے کی یادداشت پر باقاعدہ دستخط کئے گئے۔ دریں اثناءشہزادہ خالد الفیصل نے جدہ گورنر ہاﺅس میں "حج عبادت اور احترام ہے، نعرہ بازی اور سیاسی کھیل نہیں"مہم کا آغاز کر دیا۔ انہو ںنے اس موقع پر "حاجی اور زائر کی خدمت ہمارے لئے تمغہ¿ اعزاز"مہم کا افتتاح بھی کیا۔ حرمین شریفین کی انتظامیہ کے سربراہ اعلیٰ ڈاکٹر عبدالرحمن السدیس نے واضح کیا کہ مہم کا بنیادی مقصد دین اسلام کی عزت افزاءتصویر پیش کرنا ، اسلام میں میانہ روی اور اس کی اعتدال پسندی کو اجاگر کرنا ہے۔ السدیس نے توجہ دلائی کہ حرمین شریفین کی جملہ سرگرمیوں کا محور امت مسلمہ کی منفردخصوصیت اعتدال اوررواداری کا عقیدہ ہے۔ علاوہ ازیں حجاج کرام کے ساتھ حسن معاملے کی ثقافت کا پرچار کرنا، مہمانان حرم کے ساتھ اعلیٰ اخلاق ، خوش اسلوبی اور خوش کلامی سے پیش آنے کی دعوت دیتے رہنا حرمین انتظامیہ کا مشن ہے۔ امام السدیس نے توجہ دلائی کہ مذکورہ مہم کے تحت ضیوف الرحمان کے اعزاز و اکرام کےلئے صرف کی جانے والی مساعی کو موضوع شکل میں متعارف کرانا ہے۔ رائے عامہ کے سامنے یہ حقیقت روزِروشن کی طرح پیش کرناہے کہ سعودی حکومت امن و امان ، سہولت و آسانی اور سکون و اطمینان کی خصو صیات رکھنے والے نظام کو روبہ عمل لانے کیلئے مسلسل کوشاں ہے۔ سعودی عرب کا مشن یہ ہے کہ زائرین عبادت کیلئے یکسو ہوں،سیاسی یا فرقہ وارانہ نعروں میں نہ الجھیں۔ انہو ںنے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ ارض مقدس کے امن و استحکام اور خوشحالی کو قائم دائم رکھے۔ ڈاکٹر السدیس نے ضیوف الرحمان کو مطلوب سہولتیں فراہم کرنے کے جامع منصوبے کی سرپرستی اور مسلسل نگرانی پر خادم حرمین شریفین شاہ سلمان ، نائب الملک شہزادہ محمد بن سلمان، گورنر مکہ مکرمہ شہزادہ خالد الفیصل اور گورنر مدینہ منورہ شہزادہ فیصل بن سلمان کیلئے قدرو منزلت کے جذبات کا اظہار کیا۔