Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

جدہ ایئرپورٹ پر 7ہزارسعودیوں نے خود کو ضیوف الرحمن کیلئے وقف کر دیا

جدہ.... 7ہزار سے زیادہ سعودی شہریوں نے خود کو جدہ کے کنگ عبدالعزیز انٹرنیشنل ہوائی اڈے کے حج ٹرمینل پر ضیوف الرحمان کی خدمت کیلئے وقف کر دیا۔ ان کا تعلق حرمین شریفین کے زائرین کی خدمت پر مامور سرکاری و نجی اداروں سے ہے۔ اہلکاروں کا کہنا ہے کہ ہمارا نصب العین رحمان کے مہمانوں کی خدمت ہے۔ یہ کام ملازمت کے فرض کے طور پر نہیں بلکہ اللہ کے مہمانوں کے دل جیتنے کے جذبے سے کیا جا رہا ہے۔ حج ٹرمینل سے موصولہ رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ عازمین حج کی امیگریشن ، کسٹم اور بسوں پر سوار کرنے کی کارروائی چند منٹ میں نمٹائی جا رہی ہے۔ معمر ، ضعیف اور مریض حاجیوں کو ایک جگہ سے دوسری جگہ آنے جانے کیلئے گالف گاڑیاں دستیاب ہیں۔ وزارت حج و عمرہ نے یہاں آن لائن سسٹم نافذ کیا ہوا ہے۔ مشرق وسطیٰ میں ای گورنمنٹ کا اپنی نوعیت کا پہلا سسٹم ہے۔ اس کی بدولت ہر حاجی کے ویزے ، فنگر پرنٹ اور اہم معلومات یکجا ہو گئی ہیں۔ وزارت حج و عمرہ نے جدید ٹیکنالوجی سے استفادے کا دائرہ وسیع کرنے اور اس سے مسلسل فائدہ اٹھاتے رہنے پر زور دیا ہے۔ وزارت کا کہنا ہے کہ اس نظام کی بدولت حاجی کو اپنے وطن ہی میں مقدس شہروں میں رہائش ، ٹرانسپورٹ ، کھانے پینے اور الیکٹرانک ادائیگی کی سہولت مہیا کر دی گئی ہے۔ اسکے مثبت اور خوشگوار اثرات برآمد ہونے لگے ہیں۔ آن لائن کارروائی 7زبانوں میں مہیا ہے۔ مکہ مکرمہ اور مدینہ منورہ میں استقبالیہ مراکز ضیوف الرحمان کو کھانے پینے ، مساج چیئر ز پر آرام کی سہولت ، ضیافت ہالوں میں ترجمے کی خدمات ، بسوں میں خیرمقدمی کلمات ، تلبیہ کی یاددہانی اور ٹھنڈے مشروبات پیش کر رہے ہیں۔ 

شیئر: