اسلام آباد..وزیراعظم شاہد خاقان کی زیرصدارت مشترکہ مفادات کونسل کے اجلاس میں مردم شماری کے نتائج کی منظوری دیدی گئی۔ ادارہ شماریات نے مردم شماری کے ابتدائی اعداد و شمار پیش کئے ۔ مشترکہ مفادات کونسل کی منظوری کے بعد ادارہ شماریات نے چھٹی مردم شماری کے ابتدائی نتائج جاری کردئیے۔پاکستان کی کل آبادی 20 کروڑ 77 لاکھ 74 ہزار520 ہوگئی ۔ گزشتہ 19 سال میں آبادی میں اضافے کی شرح 2.4 فیصد رہی ہے۔ دیہی آبادی 13 کروڑ 21 لاکھ 89 ہزار 531 جبکہ شہری آبادی 7 کروڑ 55 لاکھ 84 ہزار 989 ہوگئی۔ پنجاب کی کل آبادی 11 کروڑ 12 ہزار 442، سندھ کی 4 کروڑ 78 لاکھ 86 ہزار 51، خیبرپختونخوا کی 3 کروڑ 5 لاکھ 23 ہزار 371 بلوچستان کی 1 کروڑ 23 لاکھ 44 ہزار 408، فاٹا کی 50 لاکھ ایک ہزار 676 جبکہ اسلام آباد کی 20 لاکھ 6 ہزار 572 ہے ۔ملک بھر میں مردوں کی تعداد 10 کروڑ 64 لاکھ 49 ہزار 32، خواتین کی تعداد 10 کروڑ 13 لاکھ 14 ہزار 780 جبکہ خواجہ سرا 10 ہزار 418 ہیں۔