لاہور:پاکستان میں کھیلوں کے میدان آباد ہونے کا خواب حقیقت کے رنگ میں ڈھلنے لگا ہے اور کرکٹ کے بعد ہاکی فیڈریشن نے بھی ورلڈ الیون کی پاکستان آمد کا اعلان کردیا ہے۔پاکستانی ہاکی فیڈریشن کے سیکریٹری شہباز احمد سینیئر نے کہا کہ نومبر کے تیسرے ہفتے میں ورلڈ الیون کراچی آئے گی جو لاہور میں بھی ایک میچ کھیلے گی۔انہوں نے کہا کہ ملک میں انٹرنیشنل ہاکی کی بحالی کیلئے حکومت سمیت تمام متعلقہ حکام کو اعتماد میں لیا ہے اور حکومت نے مکمل سیکیورٹی فراہمی کی یقین دہانی کرائی ہے۔شہباز سینیئر نے کہا کہ ہاکی ورلڈ الیون میں اولمپک چیمپیئن اور ورلڈ چیمپیئن ٹیموں کے کھلاڑی بھی شامل ہوں گے جبکہ آسٹریلیا، جرمنی اور ہالینڈ سمیت دیگر ملکوں کے اہم کھلاڑیوں ٹیم کا حصہ بنانے کیلئے بات چیت جاری ہے۔سیکریٹری پی ایچ ایف نے کہا کہ دو میچوں کی سیریز کے دوران ماضی کے عظیم کھلاڑی دھن راج پلے، پال لیجن اور چارلس ورتھ کو ہال آف فیم بھی دیا جائے گا۔یاد رہے کہ کرکٹ کی طرح ہاکی میں بھی ایک عرصے سے کسی انٹرنیشنل ٹیم نے پاکستان کا دورہ نہیں کیا اور چین وہ آخری انٹرنیشنل ٹیم تھی جو 12-2011ءمیں پاکستان کے دورے پر آئی تھی۔