بھوپال.... بھوپال کے ضلع ساگر کے چتورا گاﺅں میں 10کلو گرام وزنی بم پایا گیا۔ ایک پولیس اہلکار یہ بم اٹھا کر ایک کلو میٹر دور لے گیا تاکہ قریب ہی واقع اسکول کے 400بچوں کو بچایا جاسکے۔ ہیڈ کانسٹیبل ابھیشک پاٹل نے صحافیوں کو بتایا کہ میرا واحد مقصد یہ تھا کہ بچوں کو بچایا جاسکے اسلئے میں اسے رہائشی علاقے سے دور لے گیا۔ یہ ہیڈ کانسٹیبل بم اپنے کندھے پر لاد کر لے گیا تھا حالانکہ یہ پھٹا بھی نہیں تھا۔ اسکی 12سیکنڈ کی وڈیو کلپ سوشل میڈیا پر ڈالدی گئی ہے جو وائرل ہوگئی ۔ ابھی یہ پتہ نہیں کہ اس شخص نے پولیس کو بم کی اطلاع دی تھی تاہم پولیس اہلکار فوری طور پر وہاں پہنچ گئے ۔ اسکول کے سینیئر ٹیچر نے کہاکہ پولیس نے بم دیکھ کر ہم سے کہا کہ وہ فوری طور پر اسکول بند کرکے بچوں کو گھروں کو بھیجیں۔ ایک طالبعلم کا کہناتھا کہ اسکول کے قریب بم ملنے کے بعد فوری چھٹی کا اعلان کردیا گیا۔ چند منٹوں میں ہی میڈیا کے نمائندے وہاں پہنچ گئے۔ بم وہیں پڑا ہوا تھا اچانک ہیڈ کانسٹیبل آگے بڑھا بم کندھے پر رکھا اور ایک کلو میٹر دور لے گیا۔ صحافیو ںکو اس کی خبر بھی نہیں تھی۔ صرف ایک شخص نے فوری طور پر وڈیو بنالی۔