زیادہ میٹھا کھانے کے عادی زیادہ اداس رہتے ہیں، ماہرین
لندن ..... برطانوی ماہرین صحت کا کہنا ہے کہ جو لوگ زیادہ میٹھا کھانے کے عادی ہوتے ہیں وہ اوسط اور کم مقدار میں میٹھا کھانے والوں کے مقابلے میں زیادہ اداس رہتے ہیں۔ یونیورسٹی کالج لندن (یو سی ایل) میں عمومی صحت کے ماہرین کی تحقیق سے معلوم ہوا ہے کہ ایسے صحت مند مرد جو لمبے عرصے تک روزانہ 67 گرام یا اس سے زیادہ مقدار میں شکر استعمال کرتے ہیں انہیں روزانہ 40 گرام یا اس سے کم شکر کھانے والے مردوں کے مقابلے میں مزاج سے متعلق مسائل کا خطرہ 23 فیصد زیادہ ہوتا ہے جبکہ ان مسائل میں ڈپریشن اور بے چینی (اینگڑائٹی) سرِفہرست ہیں۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ چاہے خالص حالت میں زیادہ شکر کھائی جائے یا پھر میٹھے کھانوں میں شامل کرکے، دونوں صورتوں میں زیادہ شکر کھانے کے موڈ پر منفی اثرات یکساں ہی رہتے ہیں۔اس دریافت کے باوجود ابھی یہ معلوم ہونا باقی ہے کہ شکر کا زیادہ استعمال کس طرح سے دماغ پر اثر انداز ہوتا ہے جبکہ خواتین پر ایسے ہی ایک اور بھرپور تحقیقی مطالعے کی ضرورت ہے۔