Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

ساز ش کے تحت ہمیں محدود رکھا گیا،بلاول

فتح جنگ... پیپلز پارٹی کے چیئر مین بلاول بھٹو زر داری نے سابق وزیر اعظم نوازشریف اور تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان کو دائیں بازو کے سیاستدان قرار دیتے ہوئے کہاہے کہ یہ صرف کرسی کی سیاست کررہے ہیں ۔ پیپلز پارٹی کی قیادت کسی آمر کے سامنے جھکی اور نہ کسی دہشت گرد سے ڈری ہے۔ سازش کے تحت محدود کر نے کی کوشش کی گئی ۔ خیبر پختونخواکی حالت دیکھ کر آیا ہوں ۔عمران خان کے تبدیلی کے دعوے جھوٹے ہیں۔ ہفتہ کو فتح جنگ میں جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ امریکہ نے پاکستان کو آنکھیں دکھانا شروع کر دی ہیں لیکن(ن) لیگی حکومت کی کوئی خارجہ پالیسی نہیں۔ 4 سال کوئی وزیر خارجہ نہیں بنایا ۔ اب جو وزیر خارجہ بنایا ہے وہ جی ٹی روڈ پر پوچھ رہا ہے کہ میاں صاحب کو کیوں نکالا؟ بلاول نے کہا کہ حکمرانوں نے نیشنل ایکشن پلان پر عمل نہیں کیا۔ پاکستان پر کوئی اعتماد نہیں کر رہا۔ کون اس کا ذمہ دار ہے؟ دہشتگردی کے خاتمے کیلئے نیشنل ایکشن پلان پر مکمل عمل کرنا ہو گا لیکن دہشتگرد تنظیمیں سیاسی جماعتیں بنا رہی ہیں۔ دنیا اندھی نہیں، دیکھ رہی ہے کہ آپ کیا کر رہے ہیں۔ بلاول نے کہاکہ ہمارا ملک نازک صورتحال سے گزر رہاہے ۔ہم پر دہشتگردوں کو پناہ دینے کا الزام لگ رہاہے۔یہی الزام پہلے بھی لگایاجاتاتھامگر اب تو دھمکی بھی آگئی ۔ لگتاہے پاکستان سفارتی طور پر تنہا ہوگیا۔ قربانیاں دے رہے ہیں۔ اس کے باوجود الزام لگایاجارہا ہے۔ انہوںنے کہاکہ صرف آپریشنز سے دہشت گردی ختم نہیں ہوسکتی۔دہشت گردی کےخلاف جنگ جیتنے کے لئے پوری قوم کو ایک کرنا ہوگا۔یہ نہیں ہوگا کہ کالعدم تنظیمیں نام بدل کر سیاست میں آجائیں۔صرف فوجی آپریشن سے دہشت گردی ختم نہیں ہوتی۔ بلاول نے کہا کہ جولوگ کہتے ہیں کہ پیپلزپارٹی ایک صوبے تک محدود ہوگئی ۔وہ ہمارے جلسے دیکھ لیں۔پیپلزپارٹی آج بھی عوام میں رچی بسی ہے جس طرح ذوالفقاربھٹو ، بینظیردورمیں تھی۔انہوں نے کہا کہ چنیوٹ کے بعد پنجاب میں یہ میرا دوسرا جلسہ ہے ۔چترال اور مانسہرہ، کاغان میں بھی جلسے کئے اور عوام کا جوش و جذبہ دیکھا، لوگوں سے کہتاہوں کہ وادی مہران سے پنجاب تک پیپلزپارٹی آج بھی عوام میں رچی بسی ہے۔پیپلزپارٹی چاروں صوبوں کی زنجیر ہے۔بلاول نے کہاکہ یہ لوگ صرف کرسی کی سیاست کر رہے ہیں۔ میاں صاحب اور خان صاحب میں اہلیت ہے نہ صلاحیت۔

 

شیئر: