جدہ.... دوحہ کی جانب سے اپنے شہریوں کو حج کی ادائیگی سے روکنے کے باوجود گزشتہ 9 دنوں میں 1000 قطری شہری سلویٰ چیک پوسٹ سے مملکت میں داخل ہوئے ۔ یہ تعداد گزشتہ 3 برسوں کے دوران سب سے زیادہ ہے ۔ الوطن اخبار نے فریضہ حج کی ادائیگی کےلئے آنے والے قطری شہریوں کے حوالے سے ایک سروے رپورٹ شائع کی ہے جس میںکہا گیا ہے کہ قطری حکام نے امسال اپنے شہریوں کو حج پر جانے سے منع کرنے اور حج کو سیاسی مقاصد کےلئے استعمال کرنے کے باوجود قطری شہریوں نے اپنے حکام کی پالیسیوں کی نفی کرتے ہوئے ثابت کر دیا کہ وہ غلطی پر ہیں ۔ اخبار نے گزشتہ 3 برسوں کے اعداد و شمار کے حوالے سے لکھا کہ گزشتہ برسوں کے دوران قطر سے آنے والے عازمین حج کی تعداد 900 سے زیادہ نہیں رہی جبکہ امسال یہ تعداد ایک ہزار تک پہنچ چکی ہے ۔ قطر کا شمار ان 10 ممالک میں ہوتا ہے جہاں سے آنےوالے عازمین کی تعداد سب سے کم ہوتی ہے ۔ خادم حرمین شریفین کی جانب سے فریضہ حج کےلئے قطر ی شہریوں کو ہر ممکن سہولت دینے او ر انہیں ڈیجیٹل حج پرمٹ کے بغیر مملکت میں داخلے کی خصوصی اجازت دینے کے بعد بڑی تعداد میں قطری شہریوں نے امسال سلویٰ کی سرحدی چیک پوسٹ عبور کی اور مملکت میں داخل ہوئے ۔ اس ضمن میںسلویٰ چیک پوسٹ پر متعین ڈائریکٹر امیگریشن عثمان الغامدی نے بتایا کہ گزشتہ 3 دنوں میں قطر سے 250 گاڑیوں میں عازمین نے سرحد عبور کی اور گزشتہ 9 دنوں میں سرحد عبور کرنے والوں کی تعداد 1000 تک پہنچ چکی ہے جو گزشتہ 3 برس کے دوران آنے والے عازمین کی تعداد سے زیادہ ہے ۔ اس ضمن میں وزارت اسلامی امور کے ریجنل ڈائریکٹر ڈاکٹر صلاح السمیح نے کہا کہ وزارت کی جانب سے قطری عازمین کو ہر ممکن سہولت فراہم کی جارہی ہے۔ فضائی راستے سے آنے والے قطری عازمین کے استقبال کےلئے دمام ہوائی اڈے کے وی آئی پی لاﺅنج پر انتظام کیا جارہا ہے ۔