Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

مشاعر مقدسہ کے اطراف میں 37 چیک پوسٹ قائم کئے ہیں ، جنرل القرنی

 مکہ مکرمہ..... حج پرمٹ کے بغیر مشاعر جانے والوں کو روکنے کےلئے قانون نافذکرنے والے ادارے کی جانب سے تمام انتظامات مکمل کر لئے گئے ہیں ۔ مکہ مکرمہ پولیس نے مشاعر مقدسہ کے اطراف میں 37 چیک پوائنٹ قائم کئے ہیں جہاں حج پرمٹ چیک کئے جاتے ہیں ۔ سبق نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے ریجنل پولیس آپریشن سینٹر کے ڈائریکٹر بریگیڈئر جنرل سعید سالم القرنی نے کہا کہ حج قوانین پر عمل درآمد کو یقینی بنانے کےلئے تمام اداروں کی جانب سے مشترکہ کارروائی کا آغاز کر دیا گیا ہے ۔ مکہ مکرمہ سے ایسے افراد جو حج پرمٹ کے بغیر ایام حج میں مشاعر مقدسہ جاتے ہیں کو روکنے کےلئے مشاعر مقدسے کے داخلی راستوں پر چیک پوسٹیں قائم کی ہیں تاکہ حج پرمٹ کے بغیر کوئی بھی شخص مشاعر مقدسہ میں داخل نہ ہو سکے ۔ جنرل القرنی نے مزید کہا کہ ایسے افراد کو جن کے پاس حج پرمٹ نہیں ہو نگے ان کے فنگر پرنٹ لے کر فوری طور پر ڈیپوٹیشن سینٹر روانہ کر دیا جائےگا ۔ حج پرمٹ کا نفاذ مقامی اور غیر ملکیوںپر ہوتا ہے ۔ دوسری جانب حج آپریشن سینٹر کے نگران کرنل سامی السعدی نے کہا کہ حج قوانین ہر ایک کےلئے ہیں ،کو ئی بھی شخص اس سے مستثنیٰ نہیں ہو گا ۔ قوانین پر عمل کرنا ہر ایک کی ذمہ داری ہے ۔ حج پرمٹ کے بغیر کسی کو مشاعر مقدسہ میں داخل ہونے کی اجازت نہیں دی جائےگی ۔ اس ضمن میں پولیس اہلکاروں کو منیٰ ، مزدلفہ اور عرفات کے داخلی راستوں پر متعین کیا گیا ہے تاکہ حج پرمٹ کے بغیر کسی کو داخل نہ ہونے دیا جائے ۔ واضح رہے وزارت حج اور دیگر سرکاری اداروں کی جانب سے” بغیر حج پرمٹ کے حج نہیں “سلوگن کے تحت جاری مہم کے دوران اس امر کو یقینی بنانے کےلئے مکہ مکرمہ کے تمام داخلی راستوں کی سختی سے نگرانی کی جارہی ہے ۔ ایام حج سے قبل بعض افراد مکہ مکرمہ میں سکونت اختیار کر لیتے ہیں تاکہ ایام حج میں منیٰ جاکر حج ادا کرسکیں ۔ پرمٹ کا قانون دراصل حج امور کومنظم کرنے کےلئے لاگو کیا گیا ہے تاکہ ازدحام پر قابو پایا جاسکے اور بیرون ملک سے آنے والے عازمین آرام سے فریضہ حج ادا کرسکیں ۔ حج ادائیگی کےلئے ضروری ہے کہ کم از کم 5 برس قبل حج ادا کیا ہو ۔ مقررہ مدت سے کم ہونے پر حج پرمٹ جاری نہیں کیا جاتا ۔ اسی طرح بیرون ملک سے آنے والے عازمین پر بھی اس قانون کا نفاذ ہو تا ہے ۔پولیس کے ذرائع کا کہنا ہے کہ طائف ، جدہ اور مدینہ منورہ سے آنے والے راستوں پر پولیس چوکیوں پر اضافی عملہ متعین کیا گیاہے جہاں حج پرمٹ دیکھنے کے بعد داخلی عازمین کو مکہ مکرمہ میں داخل ہونے کی اجازت دی جاتی ہے ۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ حج پرمٹ کے بغیر مقامی اور مقیم غیر ملکی مکہ مکرمہ کا سفر نہ کریں بصورت دیگر ان کے خلاف سخت تادیبی قانونی چارہ جوئی کی جائے گی ۔

شیئر: