محکمہ بجلی ہمیں کیا سمجھتا ہے؟اعظم خان
رامپور۔۔۔۔سماجوادی پارٹی کے سینیئر رہنما اور سابق کابینہ وزیر محمد اعظم خان نے کہا کہ جب سے بی جے پی برسراقتدار آئی ہے اقلیتوں کا جینا مشکل ہوتا جارہا ہے۔ رامپور مسلم اکثریتی علاقہ ہے جہاں محکمہ بجلی مسلمانوں کو بجلی چوری کے الزام میں ہراساں کرنے میں لگا ہوا ہے۔ بجلی چیکنگ کے دوران گزشتہ 5ماہ میں 2افراد کی موت ہوچکی ہے۔ انہوں نے الزام لگایا کہ پولیس محکمہ بجلی کے بدعنوان اہلکاروں کی پشت پناہی کررہی ہے۔اعظم خان سماج وادی پارٹی کے دفتر میںصحافیوں سے بات چیت کررہے تھے۔انہوں نے کہا کہ رام پور شہر گنگاجمنی تہذیب کا سنگم ہے۔یہاں ہندومسلم بھائی چارے کا ماحول ہے۔اعظم خان نے کہا کہ یوپی میں بی جے پی کے 5ماہ کے اقتدار کے دوران بجلی چیکنگ کے مسئلے پر ایک مجسٹریٹ کے بھائی اور سابق بلاک پرمکھ کی موت ہوچکی ہے۔ جس طرح بجلی ملازمین اور پولیس اہلکاروں نے شرپسندوں کے ساتھ گھروں میں گھس کر بجلی چوری کے نام پر چھاپہ کے دوران خواتین کے ساتھ بدسلوکی کی اس سے دلبرداشتہ ہوکر سابق بلاک پرمکھ کو دل کا دورہ پڑگیا اور موت کے منہ میں چلے گئے۔محلہ کھٹکان میں خالد خان کی طبیعت خراب ہونے کے باوجود بجلی و پولیس ملازمین نے راستہ بند کررکھا تھا جس پر خالد خان کو طبی سہولت فراہم کرنے میں تاخیر ہوئی جس سے ان کا انتقال ہوگیا۔ بجلی چیکنگ صرف ایک ہی طبقے کے لوگوں کی کرکے ثابت کرنے کی کوشش کی جارہی ہے کہ بجلی چور صرف ایک ہی طبقہ کے لوگ ہیں۔