سیالکوٹ ... وفاقی وزیر خارجہ خواجہ آصف نے کہا ہے کہ ٹرمپ کے بیان سے پاکستانی معیشت پر کوئی اثر نہیں پڑے گا ۔ ہمیں خود دار قوم کی حیثیت سے آگے بڑ ھناہے۔ حالات کنٹرول کرنا بخوبی جانتے ہیں۔ بہادری کے ساتھ حالات کا مقابلہ کرنا ہے۔ ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ قومی اسمبلی کا اجلاس ٹرمپ کے بیان پر بحث کے لئے بلایا گیا ہے۔ پاکستان 70 سال سے امر یکہ کا اتحادی ہے، جس کا پاکستان نے بھاری نقصان اٹھایا۔واشنگٹن نے کئی مرتبہ اسلام آباد کو استعمال کیا اور مصیبت ہمارے گلے میں ڈال کر چھوڑ گیا۔ افغانستان میں اپنی ناکامی کا ملبہ ہم پر نہ ڈالا جائے۔ انہوں نے کہا کہ افغانستان کا بڑا حصہ اب بھی طالبان کے کنٹرو ل میں ہے۔ امریکہ پاک ،افغان سرحد پر باڑ لگانے میں مدد کرے۔ افغانستان میں قیام امن ہماری ضرورت ہے ۔انہوں نے کہاکہ افغان طالبان امر یکہ اور افغانستان کا مسئلہ ہیں،وہ جانے اور ان کا کام جانے۔پاکستان نے تو اپنے علاقے سے دہشت گردی کا صفایا کردیا ۔وزیر خارجہ نے کہا کہ ہمارے 2 لاکھ فوجی دہشت گردی کیخلاف برسر پیکار ہیں۔امریکہ بتائے اس کی افغانستان میں کارکردگی کیا ہے ؟انہوں نے کہا کہ طالبان اپنے گھر میں ہیں اور امر یکہ کو واپس جانا ہے۔ امریکی پالیسی ساز بھی سمجھتے ہیں کہ افغان مسئلے کا کوئی فوجی حل نہیں پاکستان ا مریکہ سے تعلقات اور اعتماد کی بحالی چاہتا ہے۔