تیسرا ون ڈے ہند کے نام، سیریز میں 0-3کی ناقابل شکست برتری
کینڈی(اسپورٹس ڈیسک) جسپریت بمراہ کی عمدہ بولنگ اور روہت شرما کی شاندار سنچری کی بدولت ہند نے سری لنکا کو تیسرے ون ڈے میچ میں6 وکٹوں سے شکست دے کر پانچ میچوں کی سیریز0-3سے اپنے نام کر لی۔کینڈی میں کھیلے گئے تیسرے میچ میں سری لنکا نے ٹاس جیت کر پہلے کھیلنے کا فیصلہ کیا تو مہمان بولر جسپریت بمراہ نے ایک مرتبہ پھر عمدہ بولنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے سری لنکن بیٹنگ لائن کی کمر توڑ دی۔80 رنز بنانے والے لہیرو تھری مانے کے سوا کوئی بھی میزبان بلے باز جم کا نہ کھیل سکا او ر پوری ٹیم 9 وکٹوں پر 217 رنز بنا سکی۔ جسپریت نے 27 رنز کے عوض5 وکٹیں حاصل کیں۔ تعاقب میں ہندوستانی ٹیم کا آغاز کسی ڈراونے خواب سے کم نہ تھا اور 61 رنز پر 4 بلے باز پویلین لوٹ چکے تھے۔ روہت شرما اور مہندرا سنگھ دھونی نے 157 رنز کی ناقابل شکست شراکت قائم کر کے ہند کو 46ویں اوور میں ہدف تک رسائی دلانے کے ساتھ ساتھ سیریز میں بھی فتح سے ہمکنار کرادیا۔روہت شرما نے عمدہ بیٹنگ کرتے ہوئے 124 رنز کی اننگز کھیلی جبکہ دھونی نے بھی 67 رنز کی اننگز کھیل کر ان کا خوب ساتھ نبھایا ۔شاندار بولنگ پر جسپریت بمراہ کو میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔