محمد بدیع، طیب موسانی ، بازیدپوری، شیخ لقمان، طارق بیگ وغیرہ کا خراج تحسین
جدہ (زبیر پٹیل) میمن ویلفیئر سوسائٹی نے معروف شاعر اور جدہ کمیونٹی کی نمایاں شخصیت محسن علوی کے اعزاز میں الوداعی تقریب کا اہتمام نے کیا۔ جس میں جدہ کی سماجی و ادبی حلقوں کی معروف شخصیات نے شرکت کی۔ تقریب محمد اسماعیل بدیع کے تعاون سے منعقد ہوئی۔پروگرام کا آغاز تلاوت قرآن پاک سے ہواجبکہ نظامت کے فرائض طیب موسانی نے ادا کئے۔سوسائٹی کے سرپرست محمد بدیع نے محسن علوی کی بطور نعتیہ شاعر خوب تعریف کی۔ سیکریٹری جنرل طیب موسانی نے کہا کہ محسن علوی نے جدہ کے سماجی و ادبی حلقوں میں امتیازی مقام حاصل کیا ہے اور انکی شاعری مختلف پروگراموں میں حاضری کے وقت خصوصی یاد کی جاتی رہیگی۔ اس موقع پر جدہ کے معروف شاعر نعیم بازیدپوری نے ماضی کے واقعات سنائے اوراپنے چند اشعارمحسن علوی کی نذر کئے اورانکی ادبی خدما ت کو سراہا۔ شیخ لقمان، طارق بیگ، حسن علوی، اشفاق بدایونی نے بھی محسن علوی کی شاعری کے حوالے سے دلچسپ گفتگو کی۔ جبکہ زمرد سیفی نے محسن علوی سے متعلق اپنا کلام پیش کیا۔ احمد بن زبیر نے محسن علوی کی لکھی ہوئی نعت پڑھ کر محفل میں سماں باندھ دیا۔ مہمان خصوصی محسن علوی نے کہا کہ خداوند کریم نے سعودی عرب میں قیام کے دوران کافی عزت و شہرت سے نوازا جس کا جتنا شکر ادا کروں کم ہے۔ محسن علوی نے اپنے کلام میں سے حمد یہ کلام بھی پیش کیا۔بعد میں میمن ویلفیئر سوسائٹی کی جانب سے محسن علوی کو یادگاری شیلڈ پیش کی گئی۔پروگرام کے آخر میں دعا کی گئی اور حاضرین کے عشائیے پر پروگرام اختتام پذیر ہوا۔