Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

20 لاکھ سے زیادہ عازمین سے منیٰ آج سے آباد ہوجائیگا

منیٰ ...... 20لاکھ سے زیادہ ضیوف الرحمان نے منیٰ سے 6روزہ حج پروگرام کا آج باقاعدہ آغاز کر دیا ۔25لاکھ مربع میٹر سے زیادہ وسیع و عریض رقبے پر دنیا کا سب سے بڑا خیمہ شہر قائم کر دیا گیا۔فائر پروف خیموں میں 26لاکھ عازمین بہ سہولت ٹھہر سکتے ہیں ۔ منگل اور بدھ کی درمیانی شب داخلی عازمین ترانہ بندگی لبیک اللھم لبیک کی صدائیں بلند کرتے ہوئے روانہ ہوئے۔امسال اندرون مملکت سے تقریباً 2لاکھ سعودی اور مقیم غیر ملکی فریضہ حج کی سعادت حاصل کر رہے ہیں ۔ فجر کے وقت خارجی عازمین کے قافلے مکہ مکرمہ سے منیٰ کیلئے روانہ ہوئے۔9ہزار بسوں پر مشتمل تھے ۔ بیرون مملکت سے 17لاکھ سے زیادہ عازمین منیٰ پہنچے ۔ وزارت داخلہ کے ترجمان میجر جنرل منصور الترکی نے بتایا کہ ایک لاکھ سے زیادہ سیکیورٹی اہلکارحجاج کرام کی حفاظت کیلئے امن اسکیمیں نافذ کر رہے ہیں ۔ مدینہ منورہ کے اسپتالوں سے 21عازمین کو ایمبولینسوں کے ذریعے براہِ راست عرفات پہنچادیاگیاتاکہ وہ حج کا رکن اعظم بحسن و خوبی ادا کر سکیں ۔ الترکی نے بتایا کہ امسال 3لاکھ 50ہزار عازمین مشاعر مقدسہ ٹرین استعمال کریں گے ۔منتقلی کے آپریشن کی نگرانی کیلئے اسپیشل سیکیورٹی فورس تعینات کر دی گئی۔جدہ سمیت مقدس شہر کے مضافاتی قصبوں ، بستیوں اور شہروں سے ضیوف الرحمان کے قافلے رات بھر چلتے رہے۔جدہ شہر میں العزیزیہ محلے ، العزیزیہ ، الشرفیہ ، بوادی ،باب مکہ،غلیل ، النزلہ، الجامعہ ، کلو14محلوں خاص طور پر کبابش کے علاقے میں پاک و ہند کے عازمین کے قا فلے روانہ ہوئے۔ایک طرف تو حج پر جانیوالے ترانہ بندگی جوش و خروش کے ساتھ پڑھ رہے تھے دوسری جانب انہیں حج پر روانہ کرنے کیلئے آنیوالے رشتہ دار اور دوست احباب ان سے گلے مل کر دعائوں کی درخواست کر رہے تھے ۔حج پر جانیوالوں میں خواتین اور بچے شامل تھے ۔ ننھے بچے احرام پہنے خوشی خوشی والدین کے ہمراہ بسوں میں بیٹھے معصومانہ انداز میں لبیک اللھم لبیک پڑھتے ہوئے بڑے بھلے لگ رہے تھے ۔زیادہ تر قافلے مقررہ وقت پر روانہ ہوئے تاہم کئی کاررواں تاخیر کا بھی شکارہوئے بعض ضیوف الرحمان دیر سے پہنچے جبکہ معلمین کی جانب سے بسوں کے پہنچنے میں تاخیر بھی دیر سے نکلنے کا باعث بنی ۔ حالیہ برسوں کے دوران حج آگہی مہم کے باعث تارکین وطن حج اجازت نامہ لیکر ہی سفر کرنے کوترجیح دینے لگے ہیں تاہم ایسے لوگ بھی اچھی خاصی تعداد میں ہیں جو بوجوہ حج اجازت نامے کے حصول کو ضروری نہیں سمجھتے ۔اطلاعات یہ ہیں کہ سعودی عرب کو خیر باد کہنے کا پختہ عزم کر لینے والے برصغیر کے سیکڑوںتارکین بغیر اجازت نامے کے حج کے سفر پر روانہ ہوئے ۔ ان میں سے متعدد پکڑ لئے گئے بعض سیکیورٹی کے سخت انتظام ہونے کے باوجود چیک پوسٹوں سے بالا ہی بالا منیٰ اور دیگر عرفات پہنچنے میں کامیاب ہو گئے ۔ 4لاکھ سے زیادہ ایسے افراد چیک پوسٹوں اور کچے راستوں سے واپس کر دئیے گئے جو اجازت نامے کے بغیر مشاعر مقدسہ کا رخ کر رہے تھے ۔ حرم شریف میں رات بھر شدید اژدہام رہا ۔ خصوصی اطلاع کے مطابق ایک گھنٹے میں 2لاکھ78ہزار افرادنماز پڑھنے والوں میں شامل تھے جبکہ ایک لاکھ 7ہزار نے ایک گھنٹہ میں خانہ کعبہ کا طواف کیا ۔ حج قران کا احرام باندھنے والے پہلے ہی سے احرام پوش تھے جبکہ حج افراد کی نیت کرنیوالوں میں بعض براہِ راست منیٰ پہنچ گئے جبکہ ہزاروں ایسے بھی تھے جنہوں نے طواف اور سعی کر کے منیٰ کا رخ کیا۔حج تمتع کی نیت کرنیوالوں نے طواف اور سعی کر کے بال کٹوا کر خود کو احرام سے آزاد کیا پھر منیٰ کیلئے روانہ ہوئے ۔ زیادہ تر حج افراد والے ہی دیکھے گئے۔حجاج کرام آج منیٰ میں ظہر ، عصر ، مغرب اور عشاء کی نمازیں پڑھیں گے۔ کل جمعرات کو فجر کی نماز ادا کر کے میدان عرفات کیلئے روانہ ہوں گے جہاں ظہر اور عصر کی نمازیں ایک اذان اور 2اقامت کے ساتھ قصر پڑھی جائیں گی ۔

شیئر: