Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

ورلڈ الیون سے مقابلے میں رچی رچرڈسن میچ ریفری مقرر

دبئی: انٹرنیشنل کرکٹ کونسل نے پاکستان اور ورلڈ الیون کے درمیان آزادی کپ کیلئے میچ آفیشلز پاکستان بھیجنے کا اعلان کرتے ہوئے سابق ویسٹ انڈین کپتان رچی رچرڈسن کو میچ ریفری مقرر کردیا ہے۔یہ 2009 ءمیں سری لنکن ٹیم پر ہونے والے حملے کے بعد پہلا موقع ہے کہ انٹرنیشنل کرکٹ کونسل نے پاکستان میں کسی میچ یا سیریز کیلئے اپنے آفیشلز بھیجنے کا اعلان کیا ہے۔ سابق ویسٹ انڈین کپتان پاکستان اور ورلڈ الیون کے درمیان 3 ٹی20 میچوں کی سیریز میں ریفری کی خدمات انجام دیں گے۔10 سال تک آئی سی سی میں میچ ریفری کی خدمات انجام دینے والے سری لنکن روشن مہاناما کی جانب سے عہدہ چھوڑنے کے بعد آئی سی سی نے رچی رچرڈسن کو 2016ءمیں میچ ریفری کے ایلیٹ پینل کا حصہ بنایا تھا۔ انٹیگا سے تعلق رکھنے والے رچی رچرڈسن کا شمار ویسٹ انڈین کے بہترین بلے بازوں میں کیا جاتا ہے جنہوں نے 1996 کے ورلڈ کپ میں ویسٹ انڈین کی قیادت بھی کی جہاں سنسنی خیز مقابلے میں انہیں آسٹریلیا سے 5 رنز سے شکست ہوئی اور 224 ون ڈے کھیل کر ان کا کیریئر اختتام پذیر ہوا۔انہوں نے 86 ٹیسٹ میچوں میں بھی ویسٹ انڈیز کی نمائندگی کی جبکہ وہ اپنے 24 ٹیسٹ اور 87 ون ڈے میچوں میں قیادت کا اعزاز بھی رکھتے ہیں۔جنوری 2011 میں رچی رچرڈسن کو ویسٹ انڈین ٹیم کا منیجر مقرر کیا گیا تھا اور رواں سال کے آغاز میں دورہ آسٹریلیا تک انہوں نے یہ ذمے داری انجام دی۔ورلڈ الیون اور پاکستان کے درمیان 3 ٹی20 میچوں پر مشتمل آزادی کپ کی سیریز لاہور کے قذافی اسٹیڈیم میں 12 سے 15 ستمبر کو کھیلی جائے گی۔

شیئر: