ڈھاکا:بنگلہ دیش کی ٹیم نے ڈھاکا میں کھیلے جانے والے سیریز کے پہلے ٹیسٹ میچ میں ٹیسٹ کرکٹ کی کامیاب ترین ٹیم آسٹریلیا کو 20 رنز سے شکست دے کر نئی تاریخ رقم کر دی۔بنگال ٹائیگرز نے حریف ٹیم کو دن میں تارے دکھا دیئے جب آسٹریلیا پورے دن کے کھیل میں 8وکٹوں پر 156رنز کا ہدف حاصل نہ کر سکا۔ بنگلہ دیش کی آسٹریلیا کے خلاف ٹیسٹ میچ میں یہ پہلی کامیابی ہے۔ بنگلہ دیش کی ٹیسٹ تاریخ کایہ 101واں میچ تھا جو 10ویں فتح ہے۔ میچ کے ہیرو آل راونڈر شکیب الحسن رہے جنھوں نے پہلی اننگز میں شاندار 84 رنز بنائے اور اس کے بعد دنوں اننگز میں5،5 وکٹیں لے کر تاریخی فتح میں بنیادی کردار ادا کیا اورمین آف دی میچ رہے۔آ خری دن کریز پر کپتان اسٹیو ن اسمتھ اور نائب کپتان ڈیوڈ وارنر کی جوڑی 81 رنز کی شراکت قائم کر چکی تھی۔ وارنر نے جارحانہ بیٹنگ جاری رکھی اور دباو کے باوجود سنچری اسکور کی۔ اس موقع پر لگ رہا تھا کہ آسٹریلیا میچ جیت جائے گا لیکن 158 کے مجموعی اسکور پر وارنر کے آوٹ ہوتے ہی بنگال ٹائیگرز نے جھپٹنا شروع کردیا۔صرف 13 رنز بعد کپتان ا سمتھ بھی 37 رنز بنا کر پویلین واپس لوٹ گئے ۔ کھانے کے وقفے پر آسٹریلیا کو جیت کےلئے 66 رنز درکار تھے جبکہ ان کی 3 وکٹیں باقی تھیں۔ وقفے کے بعد پہلی گیند پر شکیب نے میکسویل کو آوٹ کر کے 10ویں وکٹ حاصل کرلی ۔ میتھیو ویڈ اور ایشٹن زیادہ مزاحمت نہ کرسکے تاہم پیٹ کمنزنے ہمت نہ ہاری۔پیٹ کمنز نے نویں نمبر پر آ کر جارحانہ بیٹنگ کی اور33رنز کے ساتھ ناٹ آوٹ رہے تاہم دوسری جانب سے ناتھن لیون کے آﺅٹ ہوتے ہی فتح بنگلہ دیش کے قریب آگئی اور آسٹریلیا کامیابی سے 20 رنز کی دوری پر تھا کہ فاسٹ بولر تیج الاسلام نے جوش ہیزل وڈ کو آوٹ کر کے تاریخی فتح سمیٹ لی۔