عید الاضحی دنیا کا عظیم تر دن ہے ، مسجد الحرام میں خطبہ عید
مکہ مکرمہ: امام وخطیب مسجد حرام شیخ ڈاکٹر ماہر المعیقلی نے کہا ہے کہ عید الاضحی حج اکبر کا دن ہے جس میں ضیوف الرحمن وقوف عرفہ اور قیام مزدلفہ کے بعد منی آتے ہیں ، رمی کرتے ہیں ، بال منڈواتے یا ترواشتے اور قربانی کرتے ہیں۔یہ دنیا کے عظیم تر دنوں میں ہے جس میں کثرت سے اللہ تعالی کو یاد کرنا چاہئے۔وہ مسجد الحرام میں لاکھوں فرزندان اسلام کو عید الاضحی کا خطبہ دے رہے تھے۔ انہوں نے حاجیوں کو نصیحت کی کہ ایام التشریق منی میں گزارنا ضروری ہے۔ ان دنوں میں تینوں جمرات کو کنکریاں مارکر اپنے مناسک پورے کئے جاتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ حجاج خوش بخت ہیں جنہیں اللہ تعالی نے اس مقدس فریضے کی ادائیگی کے لئے چنا ہے۔ عید کا خطبہ دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اسلام کی کلید توحید ہے جس کے بغیر آخرت میں نجات ممکن نہیں ۔ انہوں نے حجاج اور تمام مسلمانوں کو ہدایت کی وہ توحید پر عمل کریں اور اپنے دین کو خالص کریں۔انہوں نے تقوی اختیار کرنے کی تلقین کرتے ہوئے کہا کہ تقوی بہترین زاد راہ ہے۔شیخ ماہر نے کہا کہ امن وامان عظیم نعمت ہے جس کے بغیر دین اور دنیا کے امور انجام نہیں دیئے جاسکتے۔انہوں نے خواتین کے ساتھ حسن سلوک اور حقوق کی ادائیگی کی تلقین کرتے ہوئے کہا کہ حجة الوداع میں رسول اکرم نے خواتین کے متعلق مسلمانوں کو وصیت کی تھی۔