Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

ٹیکساس:کیمیکل پلانٹ میں دھماکے

واشنگٹن------- امریکہ کے صدر ڈونلڈ ٹرمپ ملک کے جنوبی علاقوں میں آنے والے 'ہاروی' سمندری طوفان کی تباہ کاریوں سے نمٹنے کے لیے کانگریس سے امدادی فنڈ جاری کرنے کی درخواست کریں گے۔ صدر ٹرمپ کانگریس میں تقریباً چھ ارب ڈالر کی امدادی رقم جاری کرنے کی تجویز پیش کرینگے۔اس سے پہلے ٹیکساس کے گورنر نے کہا تھا کہ ریاست کو تعمیرِ نو کے 125 ارب ڈالر کی ضرورت ہے۔۔وائٹ ہاوس کا کہنا ہے کہ صدر ٹرمپ نے سیلاب سے متاثرہ افراد کی مدد کے لیے ذاتی طور پر دس لاکھ ڈالر کا عطیہ دیا ہے۔ امریکہ میں حکام کا کہنا ہے کہ ٹیکساس میں آنے والے سمندری طوفان کی وجہ سے ایک لاکھ مکانات کو نقصان پہنچا ہے۔ہوم لینڈ سکیورٹی کے مشیر ٹام بوزیرز کا کہنا کہ صدارتی دفتر نے کانگریس سے کہا کہ وہ ہنگامی بنیادوں پر فنڈ جاری کریں تاکہ اْن افراد کی مدد کی جا سکے جن کی انشورنس نہیں ہے۔امریکہ کے نائب صدر نے بھی ٹیکساس کا دورہ کیا اور کہا 'امریکی عوام آپ کے ساتھ ہیں۔ ہم اْس وقت تک آپ کے ساتھ ہیں جب تک یہ شہر، ریاست اور علاقہ پہلے سے بہتر تعمیر نہ ہو جائے۔'ریاست ٹیکساس میں سیلاب سے کم سے کم 33 افراد ہلاک ہوئے ہیں۔امدادی کارکن ریلیف آپریشن کے دوران گھر گھر جا کر تلاشی لے رہے ہیں۔سیلاب کی وجہ سے تیل صاف کرنے کی ریفائنریاں بند پڑی ہیں جبکہ ہوسٹن کے قریب ایک کیمیکل پلانٹ میں آگ بھڑک اٹھی ہے۔ہوم لینڈ سکیورٹی کے مطابق سیلاب کی وجہ سے ٹیکساس میں سات لاکھ 79 ہزار افراد کو اپنے مکانات چھوڑنے کی ہدایت دی گئی تھی جبکہ نو لاکھ 80 ہزار افراد نے رضا کارانہ طور پر اپنا گھر بار چھوڑا تھا۔امریکہ کی وفاقی مینجمنٹ ایجنسی کا کہنا ہے کہ اْن کی امدادی ٹیموں نے 3800 افراد کو ریسکیو کیا جبکہ 90 ہزار افراد پہلے ہی قدرتی آفات کے بعد ملنے والی امداد کے لیے رجسٹرڈ ہو چکے ہیں۔سینکڑوں گھروں میں بجلی کی سپلائی منقطع ہے اور بارش کے باعث سڑکوں پر موجود پانی میں جراثیم پیدا ہو رہے ہیں۔ ایسے میں عوام کے لیے پینے کے صاف پانی کا حصول بہت بڑا چیلنج ہے۔ادھر ہوسٹن کے قریب ایک کیمیائی پلانٹ سے دھواں نکل رہا ہے اور یہ نہایت خطرناک ہے۔اطلاعات ہیں کہ پلانٹ سے دو دھماکوں کی آوازیں سنی گئی ہیں۔پولیس حکام کا کہنا ہے کہ دھماکوں کی وجہ سے پلانٹ سے گیس خارج نہیں ہوئی ہے۔اس پلانٹ کے ڈھائی کلومیٹر کے فاصلے میں رہنے والے رہائشیوں کو اس وقت علاقے سے نکال لیا گیا جب اس پلانٹ کے حکام نے کہا کہ دھماکوں اور آگ لگنے کا خدشہ ہے۔

شیئر: