حج کا اہم ترین رکن کامیابی سے مکمل ہوا ،ترجمان
منیٰ : وزارت داخلہ کے ترجمان بریگیڈئر جنرل منصور الترکی نے کہاہے کہ حج کا اہم ترین رکن کامیابی سے مکمل ہو ا ۔ حجاج کرام نے اطمنان و سکون سے وقوف عرفہ ادا کیا بعدازاں مزدلفہ میں رات گزاری اورمنیٰ پہنچ کر پہلے دن کی رمی مکمل کی ۔ منیٰ میں امن عامہ کے مرکزی دفترمیں منعقدہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے ترجمان وزارت داخلہ نے کہاکہ بڑے شیطان کو کنکریاں مارنے کے بعد حجاج کرام طوافِ افاضہ کیلئے مکہ مکرمہ روانہ ہو گئے ۔ تمام مراحل بخیر و خوبی مکمل ہو ئے ۔ امور حج سے متعلق مخصوص اداروں کی جانب سے تمام امور کی انتہائی باریک بینی سے نگرانی کی جاتی رہی تاکہ حجاجِ بیت اللہ آرام و سکون سے فریضہ حج کے مناسک ادا کرسکیں ۔ الترکی نے مزید کہا کہ امور حج سے متعلق تمام اداروں کی جانب سے حج مکمل ہونے تک مراحل کی نگرانی کا کام جاری رہے گا تاکہ حجاج کرام کسی پریشانی سے دوچار ہوئے بغیر فریضہ کے ارکان بخیر و خوبی ادا کرسکیں ۔ ایام تشریق میں میں بھی تمام ادارے مستعدی سے اپنے فرائض ادا کرتے رہیں گے ۔