پلاسٹک سرجری سے تمباکو نوشی ختم
ٹورانٹو .... پلاسٹک سرجری کے نتیجے میں لوگوں کو تمباکو نوشی ترک کرنے میں بڑی مدد ملی ہے۔ ایک جائزہ رپور ٹ کے مطابق جسم کے کسی بھی حصے کی پلاسٹک سرجری کروانے کے بعد25فیصد سے زیادہ مریضوں نے سگریٹ پینا چھوڑ دی کیونکہ ڈاکٹروں نے ایسے مریضوں کو آپریشن سے ایک ماہ قبل ہی خبردار کردیا تھا کہ وہ سگریٹ نوشی ترک کریں کیونکہ نکوٹین سے دوران خون میں رکاوٹ پڑتی ہے اورزخم تیزی سے مندمل نہیں ہوتے۔ کینیڈا کے ماہرین کی اس رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ دوسرے معنیٰ میں پلاسٹک سرجری صحت کیلئے مفید ثابت ہوئی کیونکہ اسکے نتیجے میں لوگ سگریٹ ترک کررہے ہیں۔ ماہرین نے جن لوگوں پر تجربات کئے ان کے مطابق 25فیصد نے فوری طور پر سگریٹ پینا چھوڑ دیا جبکہ 40فیصد ایسے ہیں جو گاہے بگاہے سگریٹ پیتے ہیں۔ انکاکہناتھا کہ ایسے بھی لوگ پائے گئے جنہوں نے پلاسٹک سرجری کے بعد سگریٹ نوشی شروع کردی۔ ایسے لوگوں میں آپریشن کے بعد مزید پیچیدگیاں دیکھنے میں آئیں۔ 70فیصد لوگوں کا کہنا تھا کہ وہ اب حقیقی طور پر تصور کرتے ہیں کہ انہیں اس بری لت سے جان چھڑا لینا چاہئے۔ یہ تحقیق ایسے وقت میں سامنے آئی ہے جب پلاسٹک سرجری کرانے والے افراد کی تعداد میں بے پناہ اضافہ ہوا ہے۔ گزشتہ سال امریکیوں نے ایسے آپریشن پر 16بلین ڈالر خرچ کئے تھے جبکہ آئندہ ایسے لوگوں کی تعداد بڑھنے والی ہے۔ سرجری کے نتیجے میں جو زخم آتے ہیں وہ خون کی صحت مند گردش سے ہی مندمل ہوتے ہیں۔