حرمین شریفین کی انتظامیہ کی طرف سے عازمین کرام کی سہولت اور آسانی کیلئے حرم شریف کے اندرونی اور بیرونی حصوں میں زمزم کا انتظام کر رکھا ہے۔ اس سلسلے میں حرمین شریفین انتظامیہ کی ہدایت ہے کہ :
٭ زمزم کے کولرز سوچے سمجھے منصوبے کے تحت رکھے گئے ہیں۔ ان کولروں کو اپنی جگہ سے ہٹانے کی کوشش نہ کریں کہ اس سے زمزم سپلائی کرنے والوں کو پریشانی ہوتی ہے۔
٭زمزم کے کولروں کے ڈھکن کھولنے کی کوشش نہ کریں نہ ہی ان کولروں سے وضو کریں کہ اس سے فرش پر پانی گرنے کا امکان ہے۔
٭کولروں کے علاوہ حرم شریف کے اندر اور باہر زمزم کی ٹوٹیاں نصب ہیں۔ یہ صرف پینے کیلئے ہے، اس سے بھی وضو نہ کریں۔ حرم شریف کے اندرونی اور بیرونی فرش پر پانی گرانے سے گزرنے والوں کے پھسلنے کا امکان ہے۔
٭ تمام کولروں میں زمزم پینے کیلئے پلاسٹک کے صاف گلاس رکھے گئے ہیں۔ آپ کے دائیں ہاتھ کی طرف بنے خانے میں صاف گلاس ہیں جبکہ بائیں طرف خانے میں استعمال شدہ گلاس ہیں۔ دائیں ہاتھ والے خانے سے صاف گلاس نکالیں اور پانی پینے کے بعد استعمال شدہ گلاس بائیں خانے میں رکھ دیں۔ پلاسٹک کے یہ گلاس جس مقصد کے لئے رکھے گئے ہیں ، انہیں اسی مقصد کیلئے ہی استعمال کیاجائے۔
٭عازمین اور زائرین حرم کی ضرورت کیلئے حرمین شریفین کی انتظامیہ نے گھر لے جانے کیلئے زمزم بھرنے کا الگ انتظام کر رکھا ہے۔ حرم شریف کے اندر اور باہر زمزم کے کولر صرف پینے کیلئے ہیں جبکہ بھرنے کیلئے زائرین کو ان خاص مقامات پر جانا ہوگا جہاں یہ سہولت موجود ہے۔
٭ یاد رکھیں کہ پانی اللہ تعالیٰ کی انمول نعمت ہے جبکہ زمزم روئے زمین کا مقدس پانی ہے جس کی حفاظت کرنی چاہئے اور اسے ضائع کرنے سے بچانا چاہئے۔ اس کا استعمال بقدر ضرورت ہو اور اسراف سے پرہیز کی جائے۔
٭ زمزم سپلائی کرنے والے اہلکار اور کارکن آپ کی خدمت کیلئے ہیں۔ ان کے ساتھ تعاون کرنا اور انہیں راستہ دینا آپ کا فرض ہے۔
٭جنرل پریذیڈنسی یہ ہدایت بھی کرتی ہے کہ حرم شریف کے اندر اور باہر راہداریوں پر مخصوص قسم کا پلاسٹک کا فرش بچھا ہوا ہے۔ اس فرش کو بچھانے کا مقصد یہ ہے کہ حرم شریف آنے اور جانے والوں کو آسانی ہو ۔ آپ سے گزارش ہے کہ پلاسٹک کے اس فرش کو اپنی جگہ سے نہ ہٹائیں اور نہ ہی اس کے اوپر بیٹھیں اور نماز پڑھیں۔
٭ حرم شریف کے دروازے آمد ورفت کیلئے ہیں۔ آپ سے گزارش ہے کہ نماز کے اوقات میں دروازوں کے پاس نماز نہ پڑھیں۔ ایسا کرنے سے لوگوں کی آمد ورفت بھی متاثر ہوتی ہے نیز دروازے پر نماز پڑھنے سے آپ کو بھی خطرہ لاحق ہوسکتا ہے۔
٭ نماز سے پہلے اور نماز کے بعد مسجد الحرام کے دروازوں پر آمد ورفت تیز ہوجاتی ہے۔ آپ سے گزارش ہے کہ لوگوں کی آمدورفت کی مخالف سمت چلنے کی کوشش نہ کریں۔ جب لوگ مسجد سے نکل رہے ہوں تو آپ اندر آنے یا اندر آرہے ہوں تو آپ نکلنے کی کوشش نہ کریں۔
٭انتظامیہ نے وہیل چیئر پر طواف کرنے والوں کیلئے حرم شریف کی دوسری منزل مختص کی ہے۔ یہ اس لئے تاکہ وہیل چیئر استعمال کرنے والوں کو آسانی ہو نیز طواف کرنے والوں کے پیروں کو وہیل چیئر سے ٹکراکر زخمی ہونے سے بچایا جاسکے لہذا آپ سے گزارش ہے کہ وہیل چیئر والوں کیلئے مختص جگہ میں طواف نہ کریں نیز وہیل چیئر استعمال کرنے والوں سے گزارش ہے کہ وہ طواف کے لئے دوسری منزل استعمال کریں۔
٭انتظامیہ نے زائرین حرم شریف کی سہولت کیلئے بیرونی دروازوں کے باہر اور حرم شریف کے اندر چپل رکھنے کیلئے باکس بنارکھے ہیں۔ ہر باکس پر نمبر درج ہے۔ آپ سے گزارش ہے کہ اپنی چپلیں مخصوص باکس میں رکھیں اور اس کا نمبر یاد رکھیں تاکہ بعد میں تلاش کرنے میں آسانی ہو۔
٭حرم شریف کی بالائی منزلوں پر جانے کیلئے برقی سیڑھیاں ہیں۔ ان برقی سیڑھیوں پرمخالف سمت سے جانے کی کوشش نہ کریں کہ اس سے آپ زخمی ہوسکتے ہیں۔
٭ حرم شریف کی سیڑھیوں میں بچوں اور ضعیفوں کا خیال رکھیں ۔ بچوں کو یہاں کھیلنے سے منع کریں۔
٭نماز کے اوقات میں ان سیڑھیوں پر رش زیادہ ہوجاتا ہے۔ رش کے اوقات میں معمر افراد کو موقع دیا کریں۔
٭برقی سیڑھیوں کے دونوں طرف جالی لگی ہوئی ہے۔ ان جالیوں پر اپنا سامان لٹکانے کی کوشش نہ کریں۔
٭حرم شریف میں مختلف جگہوں پر بجلی کے ساکٹ لگے ہوئے ہیں۔ یہ دراصل مینٹیننس اور صفائی کے آلات کیلئے ہیں لہذا انہیں ذاتی چیزوں کیلئے استعمال کرنے کی کوشش نہ کریں۔ اس سے شارٹ سرکٹ ہونے کا امکان ہے۔
٭حرم شریف کے تمام حصوں میں فائر فائٹنگ نظام نصب ہے۔ خدانخواستہ آگ لگنے کی صورت میں اس نظام کو استعمال کیا جاتا ہے ۔ آپ سے گزارش ہے کہ اس نظام کے کسی حصے کو چھیڑنے کی کوشش نہ کریں۔
٭مسجد الحرام کے مختلف حصوں میں میٹیننس کا کام ہوتا رہتا ہے۔ میٹیننس ٹیم کام کے علاقہ کو فیتہ لگاکر بند کردیتی ہے۔ آپ سے گزارش ہے کہ اس علاقہ سے دور رہیں۔
٭زائرین حرم کی سلامتی کیلئے آگاہ کیا جاتا ہے کہ حرم شریف کے اندر کسی بھی قسم کا اسلحہ لے جانا منع ہے۔
٭ حرم شریف میں سائیکل اور موٹر بائیک لے جانا منع ہے۔
٭حرم شریف کے اندر اور بیرونی صحنوں میں سگریٹ پینا سخت منع ہے۔
٭حرم شریف میں گداگری جرم ہے، اسی طرح خرید و فروخت پر بھی پابندی ہے، فوٹو گرافی بھی ممنوع ہے۔ اسی طرح ڈیرہ ڈالنا بھی منع ہے۔
٭یاد رکھیں حرم شریف کی انتظامیہ اور اس کے تمام اہلکار آپ کی خدمت پر مامور ہیں ۔ انہیں کسی بھی وقت خدمت کا موقع د یا جا سکتا ہے۔